Sunday, January 24, 2021

دوسری ماں

دوسری ماں کہاں سے ملے گی..
ابن قیم رحمه الله نے ایک عجیب بات لکهی ہے.... 
فرماتے ہیں

 میں گلی میں جارہا تها میں نے دیکها ایک دروازہ کهلا ماں اپنے بچے کو مار رہی ہے تهپڑ لگا رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ تو نے مجهے بڑا ذلیل کیا.بڑا پریشان کیا.نافرمان ہے.کوئی بات نہیں مانتا.نکل جا میرے گهر سے.وہ بچہ رو رہا تها.دهکے کها رہا تها.جب گهر سے باہر نکلا.ماں نے کنڈی لگا دی.
فرماتے ہیں میں کهڑا ہوگیا کہ ذرا منظر تو دیکهوں.بچہ روتے روتے ایک طرف کو چل پڑا ذرا آگے گیا رک کر پهر واپس آگیا.

میں نےپوچها بچے تم واپس کیوں آگئے. کہنے لگا.سوچا کہیں اور چلا جاوں.پهر خیال آیا کہ مجهے دنیا کی ہر چیز مل سکتی ہے.مجهے ماں کی محبت نہیں مل سکتی.میں اسی لیے واپس آگیا ہوں.محبت ملے گی اسی در سے ملے گی.

کہتے ہیں بچہ بات کرکے وہیں بیٹھ گیا.میں بهی وہیں بیٹها. بچے کو نیند آئی.اس نے دہلیز پر سر رکها سو گیا.کافی دیر گزری ماں نے کسی وجہ سے دروزہ کهولا.ضرورت کے لیے باہر جانا چاہتی تهی.بیٹے کو دیکھا دہلیز پر سر رکهے سو رہا ہے.اٹهایا.......کیوں دہلیز پر سر رکهے سو رہے ہو؟؟
امی مجهے دنیا میں دوسری ماں نہیں مل سکتی. میں اس دہلیز کو چهوڑ کر کیسے جاوں..

فرمایا بچے کی بات سے ماں کی آنکھوں میں آنسو آگئے. بچے کو سینے سے لگا لیا......میرے بیٹے جب تیرا یقین ہے کہ اس گهر کے سوا تیرا گهر کوئی نہیں 
میرے در کهلے ہیں آجا میں نے تیری غلطیوں کو معاف کردیا.
فرماتے ہیں........

جب گناہگار بندہ اپنے رب کے دروازے پر اس طرح آتا ہے

 رب کریم میری خطاوں کو معاف کردے.

میرے گناہوں کو معاف کردے.

اے بے کسوں کے دستگیر.

اے ٹوٹے دلوں کوتسلی دینے والے.

اے پریشانیوں میں سکون بخشنے والی ذات.

اے بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے والی ذات.

اے گناہوں کو اپنی رحمت کے پردوں میں چهپا لینے والی ذات.

تو مجه پر رحم فرما دے.

مجهے در در دهکے کهانے سے بچا لے.

اللہ اپنی ناراضگی سے بچا لے.

پروردگار آئندہ نیکوکاری کی زندگی عطافرما.

جب بندہ اس طرح اپنے آپ کو پیش کر دیتا ہے. اللہ تعالی اس بندے کی توبہ کو قبول کر لیتے ہیں.
اللہ تعالي ہمیں سچی توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے
 آمین

Saturday, January 23, 2021

محبوب کی نظر کرم

کوٹ مٹھن شریف میں ایک مجذوب تھا 
جو ہر آتے جاتے سے ایک ہی سوال پوچھتا رہتا کہ 
" عید کڈاں؟ " ( عید کب ہوگی؟ ) 
کچھ  لوگ اس مجذوب کی بات اَن سُنی کر دیتے 
اور کچھ سُن کر مذاق اُڑاتے گُزر جاتے 
 ایک دن حضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ اس جگہ سے گزرے 
تو اُس مجذوب نے اپنا وہی سوال دہرایا 
 " عید کڈاں؟ " ( عید کب ھوگی؟ )
آپ صاحبِ حال بزرگ تھے اُس کا سوال سُن کر مسکرائے اور کہا 
" یار ملے جڈاں" ( جب محبوب ملے وھی دن عید کا دن ھو گا )
 یہ الفاظ سُنتے ھی مجذوب کی  آنکھُوں سے 
موتیوں کی طرح آنسوؤں جاری ھو گے 
وہ مزید ترستی آنکھوں سے گویا ھوا سرکار 
" یار ملے کڈاں؟ " ( محبوب کب  ملے گا؟ ) 
خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا
" مَیں مرے جڈاں " ( جب " مَیں " مرے  گئی تب )
بس یہ فرمانا تھا  کہ مجذوب نے کپکپاتے اور تھرتھراتے ھوۓ عرض کیا حضور 
" مَیں مرےِ کڈاں؟ " ( میں کب مرے گی؟ ) 
سرکار رحمتہ اللہ علیہ مسکراۓ اُسے پیار سے تھپکی دیتے یہ کہتے چل دیے 
" یار ڈیکھے جڈاں " ( جب محبوب نظرِ کرم کرے گا )

Thursday, January 21, 2021

اصلی اور نسلی



مغرب کا وقت قریب تھا میں کرکٹ کھیل کر گھر پہنچا اور امی ابو کو سلام کیا۔ امی نے مجھے ایسی نظروں سے دیکھا جیسے بچپن میں مجھ سے کوئی نقصان ھونے پر دیکھا کرتی تھیں۔ مجھے کچھ گڑ بڑ لگی البتہ ابا جی نے بڑی خوش دلی سے جواب دیا...
ہیلمٹ اور بیٹ رکھا ہی تھا کہ ابا نے کہا، "بچے چلو کھیتوں کا چکر لگاتے ہیں۔"
مجھے مزید حیرانی ہوئی، یہ علامات کچھ ٹھیک نہیں لگ رہی تھیں....
میں نے کہا "ٹھیک ہے پر پہلے ذرا نہا لوں" تو ابا نے کہا "نہیں واپس آکر نہا لینا۔"
مجھے انہونی کا احساس ہونے لگا پر میں ابا جی کے ساتھ چل پڑا۔ خاموشی سے سفر کٹ رہا تھا، راستے میں آنے جانے والوں سے ابا جی بڑی خوش دلی سے سلام کلام کر رہے تھے۔
پھر پکی سڑک سے کچے راستے کی طرف مڑ گئے، میں بھی ساتھ ساتھ تھا کہ ایک ڈھابے کے ساتھ ایک کتا بیٹھا دیکھ کر ابا جی بولے، "یار تمہارا کتا کدھر ہے ؟؟؟" میں نے کہا "ابا جی وہ اپنے دوست کو دے دیا ہے، اسے اچھا لگتا تھا۔" تو ابا جی نے پوچھا "اب رکھو گے نیا کتا یا نہیں ؟؟" میں نے کہا "رکھوں گا اگر کوئی اچھا مل گیا۔۔۔" تو ابا بولے "اسے ہی اٹھا لو ہے تو کتا ہی"۔۔۔ میں ہنس دیا، "ابا جی یہ بے نسلا کتا ہے میں کیوں رکھوں؟؟؟"
ابا ہنس دیئے اور بولے، "کیا فرق ہے نسلے بے نسلے میں؟ وہ بھی بھونکے گا اور یہ بھی بھونک لیتا ہے، شاید اسکی بھونک اچھی ہو۔۔۔ میں نے کہا کہ ابا جی بھونک تو نہیں دیکھنی بہت کچھ دیکھنا ہوتا ہے۔۔۔ اب دیکھیں یہ ٹھہرے گلی کے آوارہ کتے، ہر چیز میں منہ مارنے والے۔۔۔ اپنا کتا دیکھا۔۔!  کبھی گھر کے اس حصے میں نہیں آیا،  کبھی کسی برتن میں منہ نہیں مارا،  کبھی ایسا نہیں ہوا کوئی کھلا برتن پڑا ہو اور اس منہ مارا ہو، کسی کا لباس تک کبھی ناپاک نہیں کیا۔۔۔
ابا ہنس دیئے اور بولے "بیٹا کچھ باتیں کتوں اور انسانوں میں ایک جیسی ہوتی ہیں پر شرط ہے دونوں نسلی اور خاندانی ہوں۔۔۔ میں نے پوچھا "مثلا؟"ً تو ابا نے کہا "بیٹا وہ ہر برتن میں منہ نہیں مارتے۔۔۔ پھر بولے، "تمہیں یاد ہے؟؟ ایک دفعہ گاۓ کا دودھ نکال کر میں نے یوں ہی رکھ دیا تھا اور ایک آوارہ کتا باڑ پھلانگ کر اندر آگیا اور تمہارے والے کتے نے اسے مارا تھا۔۔۔" میں نے کہا "جی ابا۔۔۔" تو ابا بولے "بیٹا۔۔۔!!! ہمارے خاندان ، گلی ،محلے اور گاؤں کی لڑکیاں جو سکول کالج پڑھتی ہیں، یہ سب کھلا برتن ہی ہیں۔ بیٹا اب یہ چُناؤ تمہارا ہے کہ تم کیا بنو گے؟ گلی کا کوئی آوارہ کتا۔۔۔ یا اچھے خاندان کا با عزت لڑکا۔۔۔"
اور پھر اچانک مجھے یاد آیا کہ آج کالج سے واپسی پر میں نے ایک دوشیزہ پر جملہ کسا تھا اور سیٹی بھی ماری تھی۔۔۔ جس کے بعد ابا جی نے انسانوں والی پیار کی زبان میں میری کتے والی کرتے ھوئے مجھے بہت کچھ سمجھا دیا تھا۔۔۔

سچی توبہ

کہاں سے ڈھونڈ کر لائیں ایسے گوہر

قادسیہ کا میدان جنگ ہے ایک آدمی شراب پی لیتا ہے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ جومسلمان فوج کے سپہ سالار ہیں ان کو خبر ہوتی ہے، فرمایا اس کو زنجیروں میں جکڑ دو،؛ اور میدان جنگ سے واپس بلا لو، ایک کمانڈر نے کہا :سپہ سالار میدان جنگ ہے، غلطی ہو گئی اس سے ، دلیر آدمی ہے بہادر آدمی ہے، چھوڑ دیجیے اللہ کی راہ میں جنگ کرے گا، یا کسی کو مارے گا یا مر جائے گا، اس کو زنجیروں میں جکڑنے کی ضرورت کیا ہے؟

سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے جواب دیا، رسول پاک صلی اللہ علیہ و سلم کا صحابی تلواروں اور بازؤں پر بھروسہ نہیں کرتا، اللہ کی رحمت پر بھروسہ کرتا ہے میں اس شرابی کو لڑنے کی اجازت نہیں دے سکتا، اس کی وجہ سے کہیں میرے رب کی رحمتیں منہ ہی نہ موڑ جائیں ، جاؤ اسے زنجیریں پہنا دو،

سپہ سالار کے حکم پر اسے زنجیروں میں جکڑ دیتا جاتا ہے، اور خیمے میں ڈال دیا جاتا ہے اب وہ مسلمان قیدی زنجیروں میں جکڑا اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہا ہے کہ میدان جنگ خوب گرم ہے بے بسی اور لاچارگی سے میدان جنگ کی جانب دیکھ کر تڑپ اٹھتا

ہائے کوئی میری زنجیروں کو کھول دو، میں نے اپنے رب سے اپنے گناہوں سے معافی مانگ لی ہے، ہائے مجھےکوئی کھولنے والا نہیں اور مسلسل آہ و بکا کرنے لگا سعد بن ابی وقاص کی بیوی دوسرے خیمے کے اندر موجود ہیں ، زنجیروں میں جکڑے قیدی نے دوسرے خیمے میں ان کی موجودگی کو محسوس کرتے ہوئے پکار کر کہا اے سعد رض کی بیوی میری زنجیروں کو کھولنے میں میری مدد کریں ،

مجھ سے مسلمانوں کا گرتا ہوا خون دیکھا نہیں جاتا وہ بدستور پردے میں رہتے ہوئے کہتی ہیں، تم نے گناہ کیا اور سپہ سالار نے تمہیں زنجیروں میں جکڑنے کا حکم دیا ہے قیدی کہنے لگا ، خدا کی قسم اگر زندہ رہا تو خود آ کے زنجیریں پہن لوں گا خدا را مجھے رہا کر دیں، میں نے اپنے اللہ سے معافی مانگ لی ہے،

ادھر مسلمانوں کے لشکر پر شکست کے آثار گہرے ہوتے جارہے تھے، کافروں نے ایک ایک صف پر حملے کیے، صفیں الٹنے لگیں، ابو محجن ثقفی رضی اللہ عنہ کی آہوں اور سسکیوں کو دیکھ کر سعد رضی اللہ عنہ کی زوجہ محترمہ کا دل بھر آیا

انہوں نتائج کی پرواہ کیے بغیر اس کی زنجیروں کو کھول دیا،ابو محجن ثقفی نے اپنی زرہ نہیں پہنی بکتر بند نہیں پہنا، ننگے جسم کافروں کی ایک ایک صف پر ٹوٹ پڑے،
سعد رضی اللہ عنہ ان دنوں سخت بیمار تھے اور ایک بلند جگہ پر میدان جنگ کا نقشہ دیکھ رہے تھے، کیا دیکھتے ہیں کہ مسلمانوں کی ہر ایک صف درہم برہم ہے، لیکن ایک تنہا آدمی آتا ہے کافروں کی صفوں کو الٹ کر رکھ دیتا ہے، اور وہ جس طرف بھی جاتا ہے بجلی بن کر گرتا ہے اور خرمنوں کو جلاتا ہوا چلا جاتا ہے، جس طرف مڑتا ہے کافر کٹ کٹ گرتے چلے جاتے ہیں،

سعد رضی اللہ عنہ ٹیلے پر بیٹھے ہوئے اپنا سر سجدے میں رکھ دیتے ہیں کہنے لگے:اے اللہ! اگر یہ فرشتہ نہیں ہے تو میں اپنی تلوار اس کی نذر کرتا ہوں، اس نے کافروں کی صفوں کو الٹ کر رکھ دیا، اسی مجاہد کی ہمت اور شجاعت کی بدولت اللہ پاک نے مومنوں کو فتح عطا فرما دی،مسلمان واپس ہوئے، کمانڈر نیچے اترے دیکھوں وہ جوان کون تھا؟

اب وہ صفوں میں نظر نہیں آرہا تھا، پوچھا وہ کون تھا جو اس بے جگری سے لڑ رہا تھا، ڈھونڈا، تلاش کیا وہ وہاں ہوتا تو ملتا!!!! ، خیمے سے بیوی آواز دیتی ہیں :
اے سپہ سالار جس کو آپ ڈھونڈ رہے ہیں، اس نے اب زنجیریں پہن رکھی ہیں، سعد بن ابی وقاص پلٹے کہنے لگے، بیوی کیا کہتی ہو؟ کہنے لگیں، صحیح کہتی ہوں، یہ ابو محجن ثقفی ہے جس نے شراب سے توبہ کی اور تلوار تھام کے میدان جنگ میں چلا گیا، اس نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ اگر زندہ لوٹا تو خود زنجیریں پہن لوں گا، اب یہ زنجیریں پہن چکا ہے،

سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ اپنی چھڑی کو ٹیکتے ہوئے اٹھے، ساتھیوں نے سہارا دینا چاہا، کہنے لگے چھوڑ دو مجھے میں اس شخص کے پاس اپنے پیروں پر چل کر جانا چاہتا ہوں جس کی توبہ نے اللہ کی رحمت کو آسمانوں سے زمین پر نازل کر دیا،
سبحان اللہ اللہ کبیرا

*توبہ و استغفار میں دیر مت کریں کیا خبر ہم میں سے کسی ایک کی توبہ اللہ رب العالمین کی آسمانوں پر موجود رحمت کو زمین 🌏 پر لے آئے اللہ کریم توفیق عمل عطا فرمائے۔آمیـــــــــــــــــن ثم آمیـــــــــــــــــن یا رب العالمین ..

کھیر کی دیگ

ٹیوب ویل کے گرد گاؤں کی کچھ عورتیں کپڑے دھو رہی تھیں، ایک عورت نے دوسری سے پوچھا "آج کیا کھایا؟" اُس نے جواب دیا 
"کوئی ایک مہینہ پہلے کھیر کی دیگ اتاری تھی، اس دن سے روزانہ کھیر ہی کھا رہی ہوں"
ایک عورت کے کان میں یہ بات پڑی تو اس نے سوچا میں بھی ایسا ہی کرتی ہوں کھیر ویسے بھی اس کی پسندیدہ ڈش تھی۔۔ چنانچہ اس نے گھر پہنچتے ہی کھیر کی دیگ اتارنے کا پروگرام بنایا۔۔ وہ کھیر کی دیگ سب سے چھپ کر مہینہ بھر اکیلی کھانا چاہتی تھی۔۔ لہذٰا اس نے دیگ پکا کر "تُوڑی" والے کمرے میں چھپا دی۔۔ پہلے دن کھیر کھائی، دوسری دن بھی کھائی، مگر تیسرے دن اس میں سے بُو آنے لگی مجبوراً بھری دیگ ضائع کرنی پڑی۔۔۔ اگلے دن پھر سے وہ ٹیوب ویل پہنچی تو کپڑے دھوتے ہوئے کسی عورت نے اسی عورت سے پوچھ لیا کہ آج کیا کھایا؟ تو اس نے وہی جواب دیا۔۔ "ایک ماہ سے ہر روز کھیر کھارہی ہوں"
وہ اس کے پاس گئی اور حیرانی سے کہنے لگی " بہن میں نے تو دو دن کھائی تیسرے دن اتنی شدید بدبو آنے لگی کہ مجبوراً ضائع کرنا پڑی۔۔۔ تمہاری ہمت ہے جو ایک ماہ سے کھائے جا رہی ہو"
وہ عورت اس کی بات سن کر ہنس پڑی۔۔ اور کہنے لگی "میں نے ایک ماہ پہلے کھیر کی دیگ اتروا محلے کے ہر گھر میں بانٹ دی تھی۔۔۔ اس کے بعد سے روزانہ جس کسی گھر میں کھیر پکتی ہے وہ میرے گھر بھی بھجوادیتا یے، اس طرح ہر روز کھیر کھاتی ہوں"
دوسروں کے خوشی غم میں شریک ہوں، راہ چلتے لوگوں کو سلام کریں، عزیز و اقارب کے لیے خاص وقت نکالیں، محفلوں اور دعوتوں کا رواج عام کریں، معاشرے کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو یقین کریں آپ کے "فیلنگ سیڈ" پر گردواطراف ہر کوئی فکرمند دکھائی دے گا، راہ چلتے ہوئے پلٹ کر نجانے کتنے سلام آنے لگیں گے، خوشی غمی میں خود کو تنہا نہیں پائیں گے، مشکل مواقع پر عزیز و اقارب اپنی جمع پونجی میں سے بالکل اسی طرح آپ پر خرچ کریں گے جیسا کہ آپ نے کیا ہوگا، آپ کو ہر محفل میں ہر دعوت پر مدعو کیا جائے گا. جزاک اللہ

حقیقی خوشی

 ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں ریڈیو اناؤنسر نے اپنے مہمان سے جو ایک کروڑ پتی شخص تھا ، پوچھا :" زندگی میں سب سے زیادہ خوشی آپ کو کس چیز میں محسوس ہوئی؟"

وہ کروڑ پتی شخص بولا:

میں زندگی میں خوشیوں کے چار مراحل سے گزرا ہوں اور آخر میں مجھے حقیقی خوشی کا مطلب سمجھ میں آیا.سب سے پہلا مرحلہ تھا مال اور اسباب جمع کرنے کا. لیکن اس مرحلے میں مجھے وہ خوشی نہیں ملی جو مجھے مطلوب تھی.پھر دوسرا مرحلہ آیا قیمتی سامان اور اشیاء جمع کرنے کا. لیکن مجھے محسوس ہوا کہ اس چیز کا اثر بھی وقتی ہے اور قیمتی چیزوں کی چمک بھی زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہتی.

پھر تیسرا مرحلہ آیا بڑے بڑے پروجیکٹ حاصل کرنے کا. جیسے فٹ بال ٹیم خریدنا، کسی ٹورسٹ ریزارٹ وغیرہ کو خریدنا . لیکن یہاں بھی مجھے وہ خوشی نہیں ملی جس کا میں تصور کرتا تھا.چوتھی مرتبہ ایسا ہوا کہ میرے ایک دوست نے مجھ سے کہا کہ میں کچھ معذور بچوں کے لیے وہیل چیرس خریدنے میں حصہ لوں.

دوست کی بات پر میں نے فوراً وہیل چیرس خرید کر دے دیں. لیکن دوست کا اصرار تھا کہ میں اس کے ساتھ جا کر اپنے ہاتھ سے وہ وہیل چیرس ان بچوں کے حوالے کروں. میں تیار ہو گیا اور اس کے ساتھ گیا. وہاں میں نے ان بچوں کو اپنے ہاتھوں سے وہ کرسیاں دیں. میں نے ان بچوں کے چہروں پر خوشی کی عجیب چمک دیکھی. میں نے دیکھا کہ وہ سب کرسیوں پر بیٹھ ادھر ادھر گھوم رہے ہیں اور جی بھر کے مزہ کر رہے ہیں. ایسا معلوم ہوتا تھا کہ وہ کسی پکنک اسپاٹ پر آئے ہوئے ہیں.

لیکن مجھے حقیقی خوشی کا احساس تب ہوا جب میں وہاں سے جانے لگا اور ان بچوں میں سے ایک نے میرے پیر پکڑ لیے. میں نے نرمی کے ساتھ اپنے پیر چھڑانے کی کوشش کی لیکن وہ بچہ میرے چہرے کی طرف بغور دیکھتا ہوا میرے پیروں کو مضبوطی سے پکڑے رہا.

میں نے جھک کر اس بچے سے پوچھا : کیا آپ کو کچھ اور چاہیے؟

اس بچے نے جو جواب مجھے دیا اس نے نہ صرف مجھے حقیقی خوشی سے روشناس کرایا بلکہ میری زندگی کو پوری طرح بدل کر رکھ دیا.اس بچے نے کہا: میں آپ کے چہرے کے نقوش اپنے ذہن میں بٹھانا چاہتا ہوں تاکہ جب جنت میں آپ سے ملوں تو آپ کو پہچان سکوں اور ایک بار اپنے رب کے سامنے بھی آپ کا شکریہ ادا کر سکوں.."


تین سوال

کہاجاتا ہے کہ سلطان محمود غزنوی کے ذہن میں ہمیشہ تین سوال کھٹکتے ، رہتے،،،،،

"پہلا سوال یہ کہ میں واقعی سبکتگین کا بیٹا ہوں کے نہیں... کیونکہ ان کے متعلق مشہور تھا  کہ یہ بادشاہ کے سگے بیٹے نہیں بلکہ لے پالک ہے

دوسرا یہ یہ کہ علماء واقعی انبیاء کے وارث ہے ؟ یہ تو خود بے اختیار قوم ہے انبیاء کا وارث تو بادشاہِ وقت یا کسی با اختیار آدمی کو ہونا چاہیے تھا

سلطان اور ایران کا بادشاہ

حضرت سلطان محمود غزنوی رحمتہ اللہ علیہ کے پاس ایران کا بادشاہ اپنے سفیر کیساتھ ملاقات کے لۓ آیا ھوا تھا دن سارا سلطنت کے امور پر تبادلہ خیال میں گزر گیا رات کے کھانے کے بعد ایرانی بادشاہ اور سفیر کو مہمان خانے میں آرام کرنے کی غرض سے بھیج دیا گیا۔۔۔

 سلطان محمود غزنوی رحمتہ اللہ علیہ خود بھی مہمان خانہ میں ھی ایک الگ خیمہ نما کمرے میں ٹھہرے تا کہ مہمان داری میں

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا

قدرت اللہ شہاب "شہاب نامہ" میں بتاتے ہیں کہ "ایک بار میں کسی دور دراز علاقے میں گیا ہوا تھا وہاں پر ایک چھوٹے سےگاؤں میں ایک بوسیدہ سی مسجد تھی۔ میں جمعہ کی نماز پڑھنے اس مسجد میں گیا وہاں ایک نیم خواندہ سے مولوی صاحب اردو میں بے حد طویل خطبہ دے رہے تھے۔ ان کا خطبہ گزرے ہوئے زمانوں کی عجیب وغریب داستانوں سے اٹاٹ بھرا ہوا تھا۔ کسی کہانی پر ہنسنے کو جی چاہتا تھا، کسی پر حیرت ہوتی تھی، لیکن ایک داستان کچھ ایسے انداز سے سنائی کہ تھوڑی سے رقت طاری کر کے وہ سیدھی میرے دل میں اتر گئی۔

Wednesday, January 20, 2021

آوارہ

حاجی نعیم صاحب کا جواب سن کر میرا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا۔ یوں لگا جیسے میرے پیروں تلے زمین کھسک گئی ہے۔ میں نے دوبارہ پوچھا "حاجی صاحب کیا کہا آپ نے؟"۔ حاجی صاحب نے مکمل اطمینان سے وہی جواب دیا"میں راشد کو بدمعاش بنانا چاہتا ہوں"۔ 

میں نے بے اختیار اپنی کنپٹی کھجائی۔ حاجی صاحب کو میں 20 سال سے جانتا ہوں۔ انتہائی ڈیسنٹ انسان ہیں۔ریٹائرڈ بینک آفیسر ہیں۔ نہایت خوش لباس ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت شریف بھی ہیں۔ ہمیشہ سے تعلیم کے حق میں رہے ہیں۔ ماشاء اللہ چار بیٹوں کے باپ ہیں۔ بڑا بیٹا لندن میں انجینئر ہے، دوسرا امریکہ میں ڈاکٹر ہے اور تیسرا کینیڈا میں پائلٹ ہے جبکہ چوتھا بیٹا راشد پاکستان میں ہی حاجی صاحب کے ساتھ رہتا ہے اور سیکنڈ ایئر کا سٹوڈنٹ ہے۔
راشد پڑھائی میں کچھ زیادہ اچھا نہیں۔ زیادہ تر موٹر سائیکل پر آوارہ دوستوں کے ساتھ گھومتا رہتا ہے۔ دو تین دفعہ حوالات کی بھی سیر کرچکا ہے۔ پتا نہیں کیوں حاجی صاحب اس کے بارے میں سب کچھ جانتے ہوئے بھی پہلو تہی کرجاتے ہیں۔ 
آج اتفاقاً حاجی صاحب سے ملاقات ہوگئی تو میں نے پوچھ ہی لیا کہ آپ راشد کو کیا بنانا چاہتے ہیں۔ حاجی صاحب کا جواب میرے ہوش اڑانے کے لیے کافی تھا۔ 
ایک ایسا باپ جو خود بھی تعلیم یافتہ ہو اور تین بیٹے بھی بیرون ملک نہایت پرکشش عہدوں پر کام کر رہے ہوں وہ ایسا جواب دے تو چونکنا تو بنتا ہے۔

وجہ پوچھی تو بے اختیار ہنس پڑے "یار اُس کی بدمعاشی کی وجہ سے میرے بہت سارے مسئلے خودبخود حل ہوگئے ہیں، ویسے بھی کم بخت ہے تو آوارہ لیکن سستے جذبات اُس میں کوٹ کوٹ کر بھرے ہوئے ہیں"۔ 

میں نے آنکھیں پھاڑ کر پوچھا "کیا مطلب؟"۔

حاجی صاحب دوبارہ ہنسے "دیکھو! میں تو ٹھہرا بزدلی کی حد تک شریف انسان، بجلی کا پورا پورا بل بھرنے کے باوجود جب لائن مین مجھ سے آکر مشکوک انداز میں کہتا تھا کہ آپ کا میٹر کیوں آہستہ چلتا ہے؟ تو میں خوفزدہ ہو جاتا تھا اور قسمیں کھانے لگتا تھا کہ مجھے کچھ نہیں پتا۔
اِس پر لائن مین اور زیادہ شیر ہوجاتا تھا اوردھمکی دیتا تھا کہ اگر اسے کچھ پیسے نہ دیے گئے تو وہ اوپر شکایت لگا دے گا جس کے نتیجے میں نہ صرف میٹر کٹ جائے گا بلکہ لاکھوں روپے کا جرمانہ بھی بھرنا ہوگا۔
میں ہر دفعہ اسے بلاوجہ خوش کرنے کے لیے دو ہزار دے دیا کرتا تھا۔ 
اس بات کی خبر میرے چھوٹے بیٹے راشد کو ہوئی تو اُس نے اپنے انداز سے لائن مین سے بات کی۔ فائدہ یہ ہوا کہ لائن مین خوفزدہ ہوگیا اور اب جب بھی آمنا سامنا ہو تو سلام لے کر چپکے سے نکل جاتا ہے۔

بازار میں ایک دفعہ ایک موٹر سائیکل والا غلط رخ پر آ رہا تھا، سیدھا مجھ سے ٹکرا گیا اور الٹا مجھے ہی گالیاں دینے لگا۔ 
راشد میرے ساتھ تھا۔  اس نے موٹر سائیکل والے کو دو تھپڑ لگائے اور موٹر سائیکل والا بے اختیار میرے قدموں میں گر گیا۔

تم نے دیکھا ہوگا کہ ہمارے ہمسائے اکثر اپنی گاڑی ہمارے گیٹ کے عین سامنے لگا جاتے تھے، میں نے ایک دو دفعہ اُن سے گذارش کی کہ ایسا نہ کیا کریں کیونکہ پھر ہمیں گیٹ کھولنے میں پریشانی ہوتی ہے لیکن انہوں نے الٹا مجھے برا بھلا کہا اور باز نہیں آئے۔ 
راشد نے ایک ہی دفعہ اُن کے دروازے پر جا کر کوئی بات کی۔ اُس کے بعد اُن کی گاڑی کبھی ہمارے گیٹ کے سامنے کھڑی نہیں ہوئی۔" 

اب ہنسنے کی میری باری تھی۔ میں نے قہقہہ لگایا "تو گویا آپ تین بیٹوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے بعد چوتھے بیٹے کی بدمعاشی انجوائے کر رہے ہیں؟"۔ 

حاجی صاحب خاموش ہو گئے۔ کچھ دیر میری آنکھوں میں دیکھتے رہے، پھر میرا ہاتھ پکڑ کر قریبی دوکان کے تھڑے پر بیٹھ گئے اور بولے "سچ پوچھو تو مجھے راشد کبھی اچھا نہیں لگا لیکن اب احساس ہوتا ہے کہ کاش میں نے اپنے سارے بیٹوں کو ایسا ہی بنایا ہوتا۔ میں نے جس بیٹے کو بھی اعلیٰ تعلیم دلوائی وہ مستقبل بنانے ملک سے باہر چلا گیا۔
میرے تینوں بیٹے شادی شدہ ہیں اور اپنے اپنے گھر بہت خوش ہیں۔ لیکن میں اور میری بیوی بالکل اکیلے ہو گئے ہیں۔ 
پڑھی لکھی اولاد ماں باپ کا فخر تو ہوتی ہے لیکن بعض اوقات ماں باپ کے کسی کام کی نہیں رہتی۔" 
حاجی صاحب نے گہری سانس لی، جیب سے مڑا تڑا ٹشو پیپر نکال کرآنکھوں کے گوشے صاف کیے اور ٹشو پیپر دوبارہ مٹھی میں جکڑ لیا
"مجھے احساس ہے کہ میرے یہ جملے سراسر خود غرضی کے زمرے میں آتے ہیں لیکن میں چاہتا ہوں راشد ان پڑھ رہے۔ وہ لفنگا اور آوارہ تو ہے لیکن رات کو میرے پیر بھی دباتا ہے۔ کوئی بھی چیز چاہیے ہو تو جھٹ سے لا دیتا ہے۔ یہ بچپن سے ہی ایسا تھا۔اس کا پڑھائی میں دل نہیں لگتا تھا لیکن گھر کے سارے کام یہی کرتا تھا۔ 
جب اس کے تینوں بڑے بھائی تعلیم حاصل کر رہے تھے اور کتابیں کھولے پڑھ رہے ہوتے تھے تو یہی سبزی لاتا تھا۔ بڑے بھائی اکیڈمیوں میں چلے جاتے تھے اور یہ تنور سے روٹیاں لانے کا فریضہ سرانجام دیتا تھا۔ میری گاڑی بھی یہی صاف کرتا تھا۔ گھر کے چھت والے پنکھے بھی اسی نے صاف کیے۔ 
اسے بڑے بڑے الفاظ نہیں آتے۔ چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر مجھے حوصلہ دیتا ہے۔ فلمی انداز میں ڈائیلاگ مارتا ہے کہ ابو میرے ہوتے ہوئے آپ کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
میری دعا ہے کہ یہ سیکنڈ ایئر میں پھر فیل ہوجائے تاکہ نہ کبھی تعلیم حاصل کرے نہ ہمیں چھوڑ کر باہر جائے۔ پتا نہیں کیوں مجھے یقین ہے کہ یہ بدمعاش مرتے دم تک ہمارے ساتھ بھی رہے گا اور ہمارے بڑھاپے کا سہارا بھی بنے گا۔

حاجی صاحب بے اختیار زور سے ہنس پڑے اور مٹھی کھول کر ایک بار پھر گیلا ٹشو اپنی آنکھوں پر رکھ لیا۔

(منقول)