Friday, July 21, 2023

انسان کو اپنا بوجھ خود اٹھانا چاہیے....

ایک شخص  نے کہا ''حاتم جیسا فراخ دل آج تک پیدا نہیں ہوا اور نہ ہوگا۔''دوسرے شخص نے کہا۔
''کیوں نہ یہ سوال حاتم سے کیا جائے۔'' 
چنانچہ حاتم سے پوچھا گیا کہ کیا اس نے اپنے آپ سے زیادہ سخی اور عظیم انسان دیکھا سنا تھا۔'' حاتمی کافی دیر تک سر جھکا کر سوچتا رہا اور پھر مسکرا کر بولا ''بہت زیادہ مال و دولت لٹانے کا نام سخاوت نہیں ' میرے نزدیک سخی اور عظیم انسان وہ ہے جو اپنے بڑے سے بڑے فائدہ کے لیے کسی کا چھوٹے سے چھوٹا احسان بھی قبول نہ کرے۔ میں اپنی زندگی میں ایک ایسا شخص دیکھا جس کا دل میرے دل سے بہت بڑا تھا۔'' ان دونوں  نے بیک آواز کہا۔

کوئی بات نہیں

آج کے دن کی سب سے خوبصورت بات

"کوئی بات نہیں"

ایک بار میں گھر میں داخل ہوا تو دیکھا کہ بیگم کے چہرےکا رنگ خوف سے اڑا ہوا ہے، پوچھنے پر ڈرتے ڈرتے بتایا کہ کپڑوں کے ساتھ میرا پاسپورٹ بھی واشنگ مشین میں دھل چکا ہے، یہ خبر میرے اوپر بجلی بن کر گری، مجھے چند روز میں ایک ضروری سفر کرنا تھا، میں اپنے سخت ردعمل کو ظاہر کرنے والا ہی تھا، مگر اللہ کی رحمت سے مجھے ایک بات یاد آئی، اور میری زبان سے نکلا "کوئی بات نہیں"۔ اور اس جملے کے ساتھ ہی گھر کی فضا نہایت خوشگوار ہوگئی۔ پاسپورٹ دھل چکا تھا، اور اب اس کو دوبارہ بنوانا ہی تھا، خواہ میں بیگم پر غصہ کی چنگاریاں برسا کر اور بچوں کے سامنے ایک بدنما تماشا پیش کرکے بنواتا یا بیگم کو دلاسا دے کر بنواتا، جو چشم بد دور ہر وقت میری راحت کے لئے بے چین رہتی ہیں۔۔

سچ بات یہ ہے کہ مجھے اس جملے سے بے حد پیار ہے، میں نے اس کی برکتوں کو بہت قریب سے اور ہزار بار دیکھا ہے۔ جب بھی کسی دوست یا قریبی رشتہ دار کی طرف سے کوئی دل دکھانے والی بات سامنے آتی ہے، میں درد کشا اسپرے کی جگہ اس جملے کا دم کرتا ہوں، اور زخم مندمل ہونے لگتا ہے۔ اپنوں سے سرزد ہونے والی کوتاہیوں کو اگر غبار خاطر بنایا جائے تو زندگی عذاب بن جاتی ہے، اور تعلقات خراب ہوتے چلے جاتے ہیں، لیکن "کوئی بات نہیں" کے وائپر سے دل کے شیشے پر چھائی گرد کو لمحہ بھر میں صاف کیا جاسکتا ہے، اور دل جتنا صاف رہے اتنا ہی توانا اور صحت مند رہتا ہے۔۔

بچوں کی اخلاقی غلطیوں پر تو فوری توجہ بہت ضروری ہے۔ لیکن ان کی غیر اخلاقی غلطیوں پر "کوئی بات نہیں" کہ دینے سے وہ آپ کے دوست بن جاتے ہیں، اور باہمی اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔ بچہ امتحان کی مارک شیٹ لے کر سر جھکائے آپ کے سامنے کھڑا آپ کی پھٹکار سننے کا منتظر ہو، اور آپ مسکراتے ہوئے سر پر ہاتھ پھیرکر فرمائیں "کوئی بات نہیں، اگلی بار اور محنت کرنا، چلو آج کہیں گھومنے چلتے ہیں" تو آپ اندازہ نہیں کرسکتے کہ بچے کے سر سے کتنا بھاری بوجھ اتر جاتا ہے، اور ایک نیا حوصلہ کس طرح اس کے اندر جنم لیتا ہے۔ میں نے اپنے بچوں کو کچھ دعائیں بھی یاد کرائی ہیں، ساتھ ہی اس جملے کو بار بار سننے اور روانی کے ساتھ ادا کرنے کی مشق بھی کرائی ہے۔

میرا بار بار کا تلخ تجربہ یہ بھی ہے کہ کبھی یہ جملہ بروقت زبان پر نہیں آتا، اور اس ایک لمحے کی غفلت کا خمیازہ بہت عرصے تک بھگتنا پڑتا ہے، طبیعت بدمزا ہوجاتی ہے، اور ایک مدت تک کڑواہٹ باقی رہتی ہے۔ تعلقات میں بال آجاتا ہے، اور برسوں تک خرابی باقی رہتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ یہ جملہ یادداشت کا حصہ بننے کے بجائے شخصیت کا حصہ بن جائے۔

وقفے وقفے سے پیش آنے والے معاشی نقصانات ہوں، یا ہاتھ سے نکل جانے والے ترقی اور منفعت کے مواقع ہوں، یہ جملہ ہر حال میں اکسیر سا اثر دکھاتا ہے، ایک دانا کا قول ہے کہ نقصان ہوجانا اور نقصان کو دل کا بوجھ بنانا یہ مل کر دو نقصان بنتے ہیں، جو ایک خسارہ ہوچکا وہ تو ہوچکا، تاہم دوسرے خسارے سے آدمی خود کو بچا سکتا ہے، اس کے لئے صرف ایک گہری سانس لے کر اتنا کہنا کافی ہے کہ "کوئی بات نہیں"َ۔ یاد رہے کہ یہ دوا جس طرح کسی چھوٹے نقصان کے لئے مفید ہے، اسی طرح بڑے سے بڑے نقصان کے لئے بھی کار آمد ہے۔ ایک مومن جب "کوئی بات نہیں" کو للہیت کے رنگ میں ادا کرتا ہے، تو "انا اللہ وانا الیہ راجعون" کہتا ہے.

بسا اوقات ایک ہی بات ایک جگہ صحیح تو دوسری جگہ غلط ہوتی ہے۔ "کوئی بات نہیں" کہنا بھی کبھی آدمی کی شخصیت کے لئے سم قاتل بن جاتا ہے، جیسے کوئی شخص غلطی کا ارتکاب کرے تو چاہئے کہ اپنی غلطی کے اسباب تلاش کرکے ان سے نجات حاصل کرے، نہ کہ "کوئی بات نہیں" کہ کر غلطی کی پرورش کرے۔ خود کو تکلیف پہونچے تو آدمی "کوئی بات نہیں" کہے تو اچھا ہے، لیکن کوئی کسی کو تکلیف دے اور اپنی زیادتی کو "کوئی بات نہیں" کہ کر معمولی اور قابل نظر انداز ٹھہرالے، تو یہ ایک گری ہوئی حرکت ہوگی۔ اسی طرح جب کوئی اجتماعی ادارہ مفاد پرستوں کے استحصال اور نا اہلوں کی نا اہلی کا شکار ہو رہا ہو اور "کوئی بات نہیں" کہ کر اصلاح حال کی ذمہ داری سے چشم پوشی اختیار کرلی جائے، تو یہ ایک عیب قرار پائے گا۔ معاشرہ میں کسی کے ساتھ ظلم وزیادتی ہورہی ہو اور لوگ اس جملے سے اپنے ضمیر کی آواز کو دبانے کی کوشش کریں، تو یہ انسانیت کے مقام سے گرجانا ہوگا۔

غرض کہ یہ جملہ دل کی دیوار پر آویزاں کرنے کے لائق ہوتا ہے، اگر یہ دل کی کشادگی برقرار رکھے، تعلقات کی حفاظت کرے اور دنیاوی نقصان ہونے پر تسلی کا سامان بنے۔

اور یہی جملہ مکروہ اور قابل نفرت ہوجاتا ہے اگر یہ عزم بندگی، احساس ذمہ داری اور جذبہ خود احتسابی سے غافل ہونے کا سبب بن جائے...

Thursday, July 13, 2023

بیٹری اور موبائل فون

بیٹری اور موبائل فون
ابو یحیی کی بہت عمدہ تحریر

موبائل فون دور جدید میں ہر انسان کی ضرورت بن گیا ہے ۔ خاص کر سفر میں تو لوگ اس کے بغیر نکلنے کا تصور بھی نہیں کرتے ۔ تاہم موبائل فون کی یہ خامی ہے کہ لینڈ لائن فون کے برعکس یہ بیٹری سے چلتا ہے جو کچھ دیر استعمال کے بعد ختم ہوجاتی ہے ۔ چنانچہ اسے چارج کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ تاہم اکثر اوقات طویل سفر میں بیٹری کو چارج کرنے کی سہولت نہیں ملتی۔ چنانچہ سفر میں لوگ بہت محتاط ہوکر صرف ضرورت کی جگہ پر موبائل فون کو استعمال کرتے ہیں ۔

دنیا کے سفر میں انسانوں کو دی گئی زندگی ایسی ہی ایک بیٹری کے سہارے رواں دواں ہے ۔ مگر اس سفر میں بیٹری کو چارج کرنے کی کوئی سہولت نہیں ۔ زندگی کی اس بیٹری کو بس ایک دفعہ ہی استعمال ہونا ہے ۔ جس کے بعد بیٹری ختم، زندگی ختم۔ بدقسمتی سے موبائل کی بیٹری کو دیکھ بھال کر استعمال کرنے والے انسان اکثر اس حقیقت سے غافل رہتے ہیں ۔ ان کی زندگی کی بیٹری ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ڈسچارج ہورہی ہے ، مگر کسی کو فکر نہیں ۔

ہمارے ہاں لوگوں کی اوسط عمر ساٹھ ستر سال سے زیادہ نہیں ہوتی۔ اس اعتبار سے ہم میں سے کسی کی بیٹری پچاس فیصد، کسی کی ساٹھ فیصد کسی کی نوے فیصد ختم ہو چکی ہے ، مگر ہم محتاط نہیں ہوتے ۔ ہم وقت کو ضائع کرتے رہتے ہیں ۔ فضول باتوں ، لایعنی مشغلوں ، بے فائدہ بحثوں اور بے وقت آرام میں زندگی کی بچی کھچی بیٹری بھی ضائع کرتے جا رہے ہیں ۔ جو یہ نہیں کرتے وہ اپنا وقت دنیا کمانے، جائدادیں بڑھانے، مال و اسباب جمع کرنے ، شان و شوکت میں اضافے میں ضائع کر رہے ہیں ۔ حالانکہ ایسے لوگوں کی مثال اس شخص کی ہے جو دس فیصد بچی ہوئی بیٹری میں اپنے موبائل پر وڈیو گیم کھیلنا شروع کردے ۔

ہم میں سے ہر شخص کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ اپنی بچی ہوئی تھوڑی سی بیٹری پر گیم کھیل رہا ہے یا پھر اسے کسی بامقصد کام میں لگا رہا ہے ۔

Monday, July 10, 2023

بڑی رقم

بیوی: آج دھونے کے لئے زیادہ کپڑے مت نکالنا۔
شوہر: کیوں؟
بیوی: کام والی ماسی دو دن نہیں آئے گی
شوہر: کیوں؟
بیوی: اپنی نواسی سے ملنے بیٹی کے پاس جا رہی ہے، کہہ رہی تھی دو دن نہیں آؤں گی۔
شوہر: ٹھیک ہے، زیادہ کپڑے نہیں نکالوں گا۔
بیوی: اور ہاں !!! ماسی کو پانچ سو روپے دے دوں؟
شوہر: کیوں؟ ابھی عید آ ہی رہی ہے، تب دے دیں گے۔
بیوی: ارے نہیں بابا !! غریب ہے بیچاری، بیٹی اور نواسی کے پاس جا رہی ہے، تو اسے بھی اچھا لگے گا۔اور کچھ اپنی نواسی کے لئے بھی لے جائے گی۔ اس کی بیٹی اور نواسی بھی خوش ہوجائیں گی۔ویسے بھی اس مہنگائی کے دور میں اس کی تنخواہ سےکیا بنتا ہوگا۔ اپنوں کے پاس جا رہی ہے،کچھ ہاتھ میں ہوگا تو خوش رہے گی۔
شوہر: تم تو ضرورت سے زیادہ ہی جذباتی ہو جاتی ہو میرا خیال اس کی ضرورت نہیں۔
بیوی:آپ فکر مت کریں میں آپ سے ایکسٹرا پیسے نہیں مانگو گی۔ میں آج کا پیزا کھانے کا پروگرام منسوخ کر دیتی ہوں۔خواہ مخواہ 500 روپے اڑ جائیں گے، اس موٹی روٹی پیزا کے آٹھ ٹکڑوں کے بدلے اس کی مدد مجھے بہتر لگتی ہے۔
شوہر: واہ، واہ بیگم صاحبہ آپ کے کیا کہنے !! ہمارے منہ سے پیزا چھین کر ماسی کی پلیٹ میں؟ چلو آپ کی محبت میں یہ بھی برداشت کئے لیتے ہیں۔

تین دن بعد

شوہر: (پونچھا لگاتی كام والی ماسی سے پوچھا) اماں کیسی رہی چھٹی؟
ماسی: صاحب بہت اچھی رہیں۔ مالکن جی نے پانچ سو روپے دیئے تھے بڑے کام آئے۔ اللہ سلامت رکھے اور اللہ آپ کو بہت زیادہ عطا کرے۔
شوہر: اماں 500 روپے کا کیا کیا لیا؟
ماسی: نواسی کے لئے 150روپے کی فراک لی اور 40روپے کی گڑیا، بیٹی کے لئے 50روپے کے پیڑے لے گئی تھی، 50 روپے کی جلیبیاں محلے میں بانٹ دیں' 60 روپے کرایہ لگ گیا تھا۔ 25 روپے کی چوڑیاں بیٹی کے لئے اور داماد کے لئے 50روپے کا بیلٹ لیا۔ باقی 75 روپے بچے تھے وہ بھی میں نے نواسی کو کاپی اور پنسل خریدنے کے لئے دے دئیے۔
جھاڑوپونچھا لگاتے ہوئےپوراحساب اس کی زبان پر رٹا ہوا تھا۔
شوہر: 500روپے میں اتنا کچھ ؟؟؟ وہ حیرت سے دل ہی دل میں غور کرنے لگا۔
اس کی آنکھوں کے سامنے آٹھ ٹکڑوں والا پیزا گھومنے لگا، وہ ان آٹھ ٹکڑوں کا موازنہ ماسی کے خرچ سے کرنے لگا۔ پہلا ٹکڑا بچے کی ڈریس کا، دوسرا ٹکڑا پیڑےکا، تیسرا ٹکڑا محلے کے لوگو ں کا' چوتھا کرایہ کا، پانچواں گڑیا کا، چھٹا ٹکڑا چوڑيوں کا، ساتواں داماد کی بیلٹ کا اور آٹھوا ں ٹکڑا بچی کی کاپی پنسل کا۔
آج تک اس نے ہمیشہ پیزا کا اوپر والا حصہ ہی دیکھا تھا، کبھی پلٹ كر نہیں دیکھا تھا کہ پیزا پیچھے سے کیسا لگتاہے۔ لیکن آج كا م والی ماسی نے پیزے کا دوسراحصہ دکھا دیا تھا۔ پیزے کے آٹھ ٹکڑے اسے زندگی کا مطلب سمجھا گئے تھے۔زندگی کے لئے خرچ یا خرچ کے لئے زندگی کا جدید مفہوم ایک جھٹکے میں اسے سمجھ میں آگیا۔
ہم ان چھوٹی چھوٹی باتوں پرکبھی غور ہی نہیں کرتے ہمارے لئے پانچ سو یا ہزار کی کوئی اہمیت بھی نہیں ہوتی لیکن یہ ہزار پانچ سو غریبوں کے لئے بڑی رقم ہوتے ہیں۔ اس لئے کبھی کبھی اپنی نہ محسوس ہونے والی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کسی کے نام کرکے دیکھو آپ کو کیسے بڑی خوشی ملتی ہے۔

Tuesday, July 4, 2023

کچرے والا ٹرک

ایک دن میں ٹیکسی میں بیٹھا ہوائی اڈے کی جانب گامزن تھا، گھر سے ہوائی اڈے کی جانب جانے والا رستہ ہائی وے پر ہونے کے باعث تقریباً سیدھا تھا. گھر سے نکلے تھوڑی دیر ہی گزری تھی کہ ٹیکسی ڈرائیور نے پانی خریدنے کے لیے گاڑی کو قریبی مارکیٹ والے رستے پر ڈال دیا. 
جیسے ہی ہم مارکیٹ کی حدود میں پہنچے، مارکیٹ کی پارکنگ سے ایک کار پوری رفتار سے ریورس میں نکلی اور اچانک ہمارے سامنے آ گئی،  ٹیکسی ڈرائیور نے تیزی سے بریک پیڈل دبایا، ٹائر احتجاجاً چرمرائے، ٹیکسی اس گاڑی سے ٹکرانے سے بال بال بچی تھی۔
صریحاً غلطی دوسرے ڈرائیور کی تھی، مگر اس صورتحال کی عجیب بات یہ ہے کہ دوسری گاڑی کے "بے وقوف" ڈرائیور نے اپنی کار سے سر باہر نکالا اور رخ ہماری طرف کرتے ہوئے گالی گلوچ کرنے لگا۔
  ٹیکسی ڈرائیور کی غلطی نہ ہونے کے باوجود اس نے اپنا غصہ دبایا اور اس بیوقوف سے معذرت کرتے ہوئے معافی مانگی، اس کی جانب مسکراہٹ اچھالی، سامنے والا ڈرائیور بڑبڑاتے ہوئے اپنی گاڑی نکال کر وہاں سے چلا گیا ۔
  میں حیران ہوا کہ اس ٹیکسی ڈرائیور نے یہ کیا کیا؟ میں نے اس سے پوچھا: جب وہ غلطی پر ہے تو تم اس سے معافی کیوں مانگ رہے تھے ؟

  اس آدمی کی لاپرواہی اور غلطی ہمیں کسی بڑے حادثے سے دوچار کر سکتی تھی؟

  یہاں ٹیکسی ڈرائیور نے مجھے ایک ایسا نکتہ سمجھایا جسے میں نے ہمیشہ یاد رکھا. 

  اس نے کہا: بہت سے لوگ کچرا اٹھانے والے ٹرک کی طرح ہوتے ہیں، جو کچرے کے ڈھیروں سے لدے ادھر ادھر بھاگ رہے ہوتے ہیں (ہر قسم کے مسائل، مایوسی، غصہ، ناکامی اور فرسٹریشن ) اور جب یہ فضلہ ان کے اندر زیادہ مقدار میں جمع ہوجاتا ہے، تو انہیں ضرورت پڑتی ہے کہ وہ اسے کسی بھی جگہ پر خالی کر دیں ، اس لیے وہ کوڑے دان کی تلاش میں رہتے ہیں. 
اس لیے اپنے آپ کو نہ ہی کچرا بنائیں اور نہ ہی کچرا کنڈی. 

  اگر ایسے لوگوں سے سامنا ہوجائے تو کبھی بھی ان کی گالم گلوچ کو ذاتی طور پر نہ لیں، بس مسکرائیں، معذرت کریں اور اپنے غصے پر قابو پالیں، پھر اپنے رستے پر چل دیں، اور خدا سے دعا کریں کہ وہ ان منتشر لوگوں کی رہنمائی کرے اور ان کی پریشانی دور کرے، اور ہمیں لوگوں کے اس گروہ کی طرح ہونے سے بچائے جو اپنے اندر فضلہ اکٹھا کرتے ہیں اور اسے کام کی جگہ پر، گھر پر یا سڑک پر دوسرے لوگوں پر پھینکتے رہتے ہیں۔ 
شیخ علی الطنطاوی کہتے ہیں اسی واقعے کے بعد میں نے ایسے لوگوں کو "کچرے والا ٹرک" کا نام دینا شروع کیا، اور ہمیشہ یہی کوشش رہی کہ کسی طرح ان سے پہلو بچا کر گزر جاؤں.