Thursday, July 13, 2023

بیٹری اور موبائل فون

بیٹری اور موبائل فون
ابو یحیی کی بہت عمدہ تحریر

موبائل فون دور جدید میں ہر انسان کی ضرورت بن گیا ہے ۔ خاص کر سفر میں تو لوگ اس کے بغیر نکلنے کا تصور بھی نہیں کرتے ۔ تاہم موبائل فون کی یہ خامی ہے کہ لینڈ لائن فون کے برعکس یہ بیٹری سے چلتا ہے جو کچھ دیر استعمال کے بعد ختم ہوجاتی ہے ۔ چنانچہ اسے چارج کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ تاہم اکثر اوقات طویل سفر میں بیٹری کو چارج کرنے کی سہولت نہیں ملتی۔ چنانچہ سفر میں لوگ بہت محتاط ہوکر صرف ضرورت کی جگہ پر موبائل فون کو استعمال کرتے ہیں ۔

دنیا کے سفر میں انسانوں کو دی گئی زندگی ایسی ہی ایک بیٹری کے سہارے رواں دواں ہے ۔ مگر اس سفر میں بیٹری کو چارج کرنے کی کوئی سہولت نہیں ۔ زندگی کی اس بیٹری کو بس ایک دفعہ ہی استعمال ہونا ہے ۔ جس کے بعد بیٹری ختم، زندگی ختم۔ بدقسمتی سے موبائل کی بیٹری کو دیکھ بھال کر استعمال کرنے والے انسان اکثر اس حقیقت سے غافل رہتے ہیں ۔ ان کی زندگی کی بیٹری ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ڈسچارج ہورہی ہے ، مگر کسی کو فکر نہیں ۔

ہمارے ہاں لوگوں کی اوسط عمر ساٹھ ستر سال سے زیادہ نہیں ہوتی۔ اس اعتبار سے ہم میں سے کسی کی بیٹری پچاس فیصد، کسی کی ساٹھ فیصد کسی کی نوے فیصد ختم ہو چکی ہے ، مگر ہم محتاط نہیں ہوتے ۔ ہم وقت کو ضائع کرتے رہتے ہیں ۔ فضول باتوں ، لایعنی مشغلوں ، بے فائدہ بحثوں اور بے وقت آرام میں زندگی کی بچی کھچی بیٹری بھی ضائع کرتے جا رہے ہیں ۔ جو یہ نہیں کرتے وہ اپنا وقت دنیا کمانے، جائدادیں بڑھانے، مال و اسباب جمع کرنے ، شان و شوکت میں اضافے میں ضائع کر رہے ہیں ۔ حالانکہ ایسے لوگوں کی مثال اس شخص کی ہے جو دس فیصد بچی ہوئی بیٹری میں اپنے موبائل پر وڈیو گیم کھیلنا شروع کردے ۔

ہم میں سے ہر شخص کو یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ اپنی بچی ہوئی تھوڑی سی بیٹری پر گیم کھیل رہا ہے یا پھر اسے کسی بامقصد کام میں لگا رہا ہے ۔

No comments:

Post a Comment