روایات میں آتا ہے کہ جب حضرت نوح علیہ السلام کی بد دعا پر طوفان آ چکا، ساری قوم اس طوفان کے نتیجے میں ہلاک ہو گئی تو اس کے بعد اللہ تعالٰی نے وحی کے ذریعے حضرت نوح علیہ السلام کو حکم دیا کہ اب تمہارا کام یہ ہے کہ تم مٹی کے برتن بناؤ ۔ چنانچہ حضرت نوح علیہ السلام نے اللہ تعالٰی کے حکم کی تعمیل میں مٹی کے برتن بنانا شروع کر دیئے اور دن رات اس میں لگے رہے ۔ جب کئی دن گزر گئے اور برتنوں کا ڈھیر لگ گیا، تو اللہ تعالٰی نے دوسرا حکم یہ دیا کہ اب ان سب برتنوں کو ایک ایک کر کے توڑ دو ۔ حضرت نوح علیہ السلام نے عرض کیا کہ یا اللہ! میں نے بڑی محنت سے اور آپ کے حکم پر بنائے تھے، اب آپ ان کو توڑنے کا حکم دے رہے ہیں ۔ اللہ تعالٰی نے فرمایا، کہ ہمارا حکم یہ ہے کہ اب ان کو توڑ دو ۔ چنانچہ حضرت نوح علیہ السلام نے ان کو توڑ دیا ۔ لیکن دل دکھا کہ اتنی محنت سے بنائے اور ان کو تڑوا دیا ۔
اللہ تعالٰی نے فرمایا، اے نوح! تم نے اپنے ہاتھوں سے یہ برتن بنائے، اور میرے حکم سے بنائے، ان برتنوں سے تمہیں اتنی محبت ہو گئی کہ جب میں نے تمہیں ان کو توڑنے کا حکم دیا تو تم سے توڑا نہیں جا رہا تھا ۔ دل یہ چاہ رہا تھا کہ یہ برتن جو میری محنت اور میرے ہاتھ سے بنے ہیں کسی طرح بچ جائیں تو بہتر ہے۔ اس لئے کہ تمہیں ان برتنوں سے محبت ہو گئی تھی ۔ لیکن تم نے ہمیں نہیں دیکھا کہ ساری مخلوق ہم نے اپنے ہاتھ سے بنائی اور تم نے ایک مرتبہ کہہ دیا کہ_:
رَّبِّ لَا تَذَرْ عَلَی الْاَرْضِ مِنَ الْکٰفِرِیْنَ دَیَّا رََا _
(سورۃ نوح : ٢٦)
اے اللہ زمین میں بسنے والے سب کافروں کو ہلاک کر دے اور ان میں سے کوئی باقی نہ رہے۔
تمہارے اس کہنے پر ہم نے اپنی مخلوق کو ہلاک کر دیا ۔
اشارہ اس بات کی طرف فرمایا کہ جس مٹی سے تم برتن بنا رہے تھے، باوجود یہ کہ وہ مٹی تمہاری پیدا کی ہوئی نہیں تھی، اور اپنی خواہش سے وہ برتن نہیں بنا رہے تھے بلکہ میرے حکم سے بنا رہے تھے ۔ پھر بھی تمہیں ان سے محبت ہو گئی تھی، تو کیا ہمیں اپنی مخلوق سے محبت نہیں ہو گی؟
واللہ عالم
سبحان اللہ ،
اس میں کو ئی شک نہیں کہ اللہ تعالٰی ماں کی محبت سے ستر گنا زیادہ محبت کرنے والا اور باپ کی شفقت سے سو (١٠٠) گنا زیادہ شفیق ہے۔ تو یہ بات ثابت ہے کہ اللہ تعالٰی نہ کسی پر ظلم کرتا ہے نہ اپنے بندوں پر سختی چاہتا ہے، اور نہ ہی ان کی ہلاکتوں اور بربادیوں سے خوش ہوتا ہے ۔ لیکن جو بھی بُرا ہمارے ساتھ ہوتا ہے وہ دراصل ہماری ہی کوتاہیوں اور نالائقیوں کی وجہ سے ہوتا ہے ۔ اللہ تعالٰی کا یہ ارشاد پاک خاص طور پر یاد رکھنا چاہیئے کہ اگر اللہ کے نزدیک اس دنیا کی ذرہ برابر بھی وقعت ہوتی تو وہ کافروں کو ایک گھونٹ پانی کا بھی نہ دیتا ۔ اس ذاتِ کریمی کی نافرمانیوں کے باوجود یہ اس کی کریمی ہے کہ وہ کِھلا بھی رہا ہے، پِلا بھی رہا ہے، پال بھی رہا ہے، نگہداشت بھی کر رہا ہے ۔ تا حیات برستی ان رحمتوں کا تو ہم شکر ادا کرتے نہیں، جبکہ ہمہ وقت کی ناشکری ہماری فطرت بن چکی ہے۔ سچ کہوں کہ کم نصیبی تو یہ ہے کہ اس ذات مہربان کی ان تمام مہربانیوں کا ہمیں اندازہ تک نہیں ہے - بہرحال اللہ تعالٰی کا حضرت نوح علیہ السلام سے فرمائے گئے ارشاد کا مطلب یہی ہے کہ اس کو اپنے بندوں سے بہت محبت ہے ۔ یعنی اگر تمہیں میرے ساتھ محبت ہے تو پھر تمہیں میری مخلوق کے ساتھ بھی محبت کرنا پڑے گی ۔
No comments:
Post a Comment