Thursday, September 17, 2020

کامیابی کا کلیہ

عظمت کے سفر میں انسانی مزاج کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ انسان جب بھی عظمت کی طرف جاتا ہے تو سب سے پہلے وہ کام پر فوکس کرتا ہے۔جب آدمی پوری یکسوئی کے ساتھ ایک کام شروع کرتا ہے تو پھر قدرت بھی انعام کے طور پر اسے منزل عطا کردیتی ہے۔ مثال کے طور پر، قائد اعظم محمدعلی جناحؒ نے پاکستان بنایا۔ اگر آپؒ پاکستان کے بنانے کے ساتھ اور کام بھی کررہے ہوتے تو یہ ممکن نہیں تھا کہ وہ کسی ایک منزل پر پہنچ پاتے۔ ذرا غور کیجیے کہ محمد علی جناح کیسے قائداعظم بنے۔ جس طر ح پاکستان بننے کا عمل تھا بالکل اسی طرح جناح سے قائداعظمؒ بننے کا عمل تھا۔ ایک شخص اگرایک کروڑ روپیہ کمائے تو ایک کروڑ اتنا قیمتی نہیں ہوگا جنتا کمانے والا ہوگا، کیونکہ تخلیق کا یہ اصول ہے کہ مخلوق ہمیشہ خالق کے سامنے عاجز رہتی ہے۔ اصول ہے کہ جس مشین سے جو چیز بن کر نکلے گی وہ چیز اہم نہیں ہوگی بلکہ مشین اہم ہو گی، کیونکہ چیز دوبارہ بن سکتی ہے، اس طرح جو ایک بار کامیاب ہوسکتا ہے وہ دوبارہ بھی کامیاب ہوسکتا ہے، جس کو ایک بار عظمت کا ذائقہ ملا ہے، وہ دوبارہ بھی عظمت حاصل کرسکتا ہے۔
فوکس کامیابی کا کلیہ ہے۔ فوکس کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ہے ۔ فوکس کا مطلب ہے کہ تن، من،دھن ایک شے پر لگادیا جائے۔ فوکس کا مطلب ہے کہ اپنی بے شمار خواہشات کو ذبح کر دینا اور ذبح کرنے کے بعد فقط ایک چیز پر تمام توانائیاں لگادینا۔ سابق وزیر اعلیٰ ٰحنیف رامے میں کئی خصوصیات تھیں۔ وہ سیاستدان تھے، شاعرتھے، مصور تھے۔ ان کے علاوہ ان کے پاس اور بڑا ہنر تھا۔ ایک دفعہ وہ حضرت واصف علی واصفؒ کے پاس گئے اور ان سے کہا کہ کوئی نصیحت فرمائیں۔ آپؒ نے جواب دیا، آپ ایک کام کریں۔ جس طرح ہانڈی میں ایک چیز پکتی ہے، اسی طرح آپ کے پاس جتنے ہنر ہیں، ان میں سے ایک کو ہانڈی میں ڈالیں، باقیوں کو چولھے میں ڈال دیں۔ انھوں نے اس بات اس وقت تو نہ سمجھا، مگر جب بات سمجھ آئی تو کہا کہ مجھے میانی صاحب کے قبرستا ن میں دفن کرنا۔ پوچھا گیا، کیوں؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ اس قبرستان میں بہت بڑا آدمی دفن ہے۔
لگانے کا راستہ
بعض اوقات آپ نصیحت کو سننے کے بعدفوری نہیں مانتے، لیکن نصیحت کرنے والے کو مان جاتے ہیں۔ بعض اوقات نصیحت فوری اثر نہیں کرتی۔ اس کا اثر کچھ عرصہ بعد ہوتا ہے۔ لیکن جس نے نصیحت کی ہوتی ہے، اس کا پتا لگ جاتا ہے۔ عظمت کیلئے سب سے اہم چیز فوکس ہے۔ فوکس آنے کے بعد دن اور رات کا پتا نہیں چلتا۔ سچی کامیابی کا راستہ کمانے کا راستہ نہیں ہے، بلکہ لگانے کا راستہ ہے۔
کامیابی کا کلیہ کتاب:سوچ کا ہمالیہ صفحہ نمبر:90 مصنف:قاسم علی شاہ

No comments:

Post a Comment