بات آج کی
نعیم ثاقب
انسان کے لیے صرف کرونا وائرس ہی مہلک نہیں بلکہ اس اردگرد چلتے پھرتے باتیں کرتے انسان نما کرونے وائرس اصل سے کہیں زیادہ جان لیوا ھوتے ہیں
"ورجینیاوولف " کا کہنا ھے کہ وہ جو آپ کے خواب چھینتا ہے ، آپ کی زندگی چھین لیتا ھے۔
"مارک ٹوین نے کہا: "ان لوگوں سے دور رہیں جو آپ کے ارادوں کو کمزور
کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ چھوٹے اور پست ذہن کےلوگ ہوتے ہیں اگر آپ بڑا بننا چاہتے ہیں اور اپنے بڑے خوابوں کی تعبیر چاہتے ہیں تو یہ ضرور دیکھ لیں کہ آپ کے ارد گرد کون لوگ ہیں اور آپ کن سے اپنے خواب شئیر کرتے ہیں بڑے خواب دیکھنے کے بعد سب سے اہم چیزلوگوں کا انتخاب ہے جن کو آپ اپنے خواب بتاتے ہو درست انتخاب عزائم کی تکمیل اور خوابوں کی تعبیر کو آسان بنا دیتا ہے
جب آپ چھوٹے اور منفی لوگوں کواپنا بڑا خواب بتائیں گے، تو وہ آپ کی حوصلہ شکنی کریں گے، اس میں فضول نقص نکالیں گے آئیڈیا چوری کرکے آپ کے مقابلے پہ آ جائیں گے آپ کا خواب ہر ایک کے ساتھ ، خاص طور پر چھوٹے ذہنوں کے ساتھ شئیر کرنے کے لیے نہیں ہے ، جو آپ کو ناکامی کی متعدد وجوہات دیکھنے پر مجبور کردے گا کہ خواب کیوں ناقابل عمل ہے لیکن وہ پوائنٹس نہیں بتاۓگا جو آپ کے خواب کی تعبیر کو ممکن بنا سکتے ہیں.
جان سی میکسویل نے کہا: "جتنا بڑا خواب ھو ، اس کے حصول کے لیے آپ کو اتنا ہی بڑا آدمی بننا چاہئے۔"
ایک چھوٹے ذہن والا شخص بڑے مستقبل کا تصور کرنے سے قاصر ہے۔ وہ ہمیشہ بڑے خواب کا گلا گھونٹ دیتاہے ۔اپنے خوابوں میں ان لوگوں کو کبھی بھی شریک نہ کریں جو بڑی تصویر دیکھنے کے قابل نہیں ہیں۔
بہت سے خواب اس لیے بھی مر جاتے ہیں کہ کچھ لوگ اپنی زندگی کا منصوبہ ان لوگوں کے ساتھ بناتے جن میں 'بڑی تصویر' کے نظریہ کی کمی ہوتی ہے۔ ان لوگوں کے آس پاس رہو جو آپ کی سوچ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اسے تحریک دیتے ہیں ، نہ کہ وہ لوگ جو آپ کے بڑے خوابوں کو اپنی چھوٹی سوچ سے مسل دیتے ہیں ۔
ایلون مسک جس کے اثاثوں کی مالیت تقریباً پینتیس بلین ڈیلرز ہے ناسا وغیرہ میں تحقیق کررہا ہوتا، لیکن اس نے ملازمت کی بجائے ایک ایسی کمپنی کا آغاز کیا جو سپیس کے میدان میں ناسا کا مقابلہ کرتی ہے۔ رچرڈ برانسن ٹریول ایجنٹ ہوتا، لیکن ورجن گروپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایمیزون کے باس ، جیف بیزوس ، کتاب بیچنے والی دکان میں جنرل منیجر ہوتے ، لیکن اس کے بجائے اب تک کی سب سے بڑی آن لائن فروخت کا آغاز کیا۔
بل گیٹس کا خواب تھا ہر گھر میں ایک ذاتی کمپیوٹر ہو اور آج ، کچھ گھروں میں ایک سے زیادہ کمپیوٹرز بھی ہیں۔ اسٹیو جاب کا سب سے بڑا خواب یہ تھا کہ وہ پورے کمپیوٹر کو فون میں بند کر دے اور آج آئی فون میں پرسنل کمپیوٹر سے بھی زیادہ فنکشن ہیں۔
ان عظیم لوگوں کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ انہوں نے خود کو چھوٹی سوچ رکھنے والے لوگوں سے دور رکھا۔
ہینری فورڈ کی کہانی کہ اس نے کس طرح اپنے مالک اور سرپرست ، تھامس ایڈیسن کے ساتھ پٹرول موٹر کے بارے میں اپنے خیالات شیئر کیے ، بڑے ذہنوں کی ایک انتہائی دلکش مثال ہے۔
1896 میں ، الیکٹرک بلب ایجاد کرنے والا عظیم موجد ایڈیسن کار ڈیزائن کرنے کے خیال پر کام کر رہا تھا جب اس نے سنا کہ اس کی کمپنی میں کام کرنے والے ایک نوجوان نے تجرباتی کار بنائی ہے۔ ایڈیسن نے اس نوجوان سے نیویارک میں کمپنی کی پارٹی میں ملاقات کر کے کار کے بارے میں انٹرویو کیاوہ اس نوجوان سے بہت متاثر ہوا۔
اس نے نوجوان کا آئیڈیا سنا جو کہ ایڈیسن سے بہتر تھا وہ خوشی سے اچھل پڑا اور کہنے لگا " یہ ہے اصل چیز " ویلڈن
امریکہ کےانتہائی معزز موجد کی حوصلہ افزائی کے ان الفاظ کے ساتھ ، فورڈ نے اپنا کام جاری رکھا ، ایک کار ایجاد کی اور دولت مند بن گیا۔
9 دسمبر 1914 کو ، ایڈیسن کی لیبارٹری اور فیکٹری جل گئی۔ ان کی عمر 67 سال تھی اور انشورنس کور سے نقصان زیادہ تھا آگ کی راکھ سرد ہونے سے پہلے فورڈ نے ایڈیسن کو 750،000 ڈالر کا چیک دیا ، جس میں نوٹ لکھا ھوا تھا کہ ایڈیسن کو ضرورت پڑنے پر اور بھی مل سکتا ہے۔
1916 میں ، فورڈ نے اپنا گھر ایڈیسن کے گھر کے ساتھ والی عمارت میں منتقل کردیا اور جب ایڈیسن چل نہیں سکتا تھا بلکہ صرف وہیل چیئر تک محدود تھا تو فورڈ نے اپنے گھر میں بھی وہیل چیئر رکھ لی ، تاکہ وہ اپنے دوست کے ساتھ وہیل چیئر ریس لگاسکے۔
ایڈیسن نے فورڈ کو اعتماد دیا اور حوصلہ دیا اور اسے زندگی بھر کا دوست بنالیا۔ کبھی بھی دوسرے لوگوں کی کامیابیوں اور خوابوں سے حسد نہ کریں۔ جب آپ دوسروں کے خوابوں کی حمایت کرتے ہیں تو آپ ان کوزندگی بھر کے لئے اپنا مداح بنا لیتے ہیں ۔اگر آپ اپنے بڑے خوابوں کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چھوٹے لوگوں سے دور رہنا ھو گا.جب آپ کامیاب ہوجاتے ہیں تو کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو تھوڑے سے مر جاتے ہیں۔ حسد اصل میں آپ کی کامیابی کے لیے چھوٹے ذہنوں کی طرف سے خراج تحسین ھوتا ہے۔ ارسطو نے کہا: "حسد دوسروں کی خوش قسمتی سے تکلیف کا نام ہے۔" حسد سے بھرا ھوا دماغ ہر اچھی اور بری چیز کو ناپسند کرتا ھے ۔
نپولین بوناپارٹ کا کہنا ھے: "حسد کمتری کا اعلامیہ ہے۔" حاسد لوگوں کو اپنے قریبی سرکل میں نہ لائیں۔ وہ آپ کے خواب کو دیوالیہ کردیں گے۔
والٹ ڈزنی نے کہا: " ہمارے تمام خواب سچ ہوسکتے ہیں اگر ہمارے اندر ان کے لیے محنت کرنے کا حوصلہ ھو ۔"
بڑے خواب دیکھیں، مگر اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے چھوٹے چھوٹے اقدامات ضرور کریں ۔ بڑے خواب دیکھنے کے لئے جوان ہونا شرط نہیں ارادے کی مضبوطی اور خود پر یقین بنیادی شرط ہے اپنی صلاحیتوں کو آزمائیں اور عزائم کی تکمیل کے لیے کمر کس لیں پھر منزل زیادہ دور نہیں رہتی۔ مستقبل ان لوگوں کا ہوتا ھے جو اپنے خوابوں پر یقین رکھتے ہیں ۔
کبھی بھی اپنے خوابوں سے دستبردار نہ ہوں اور جب کوئی آپ سے کہے کہ ، "یہ نہیں ہوسکتا" تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ یہ نہیں کرسکتے۔ اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ آپ ان کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتے ہیں۔ کسی کو کبھی بھی مت بتانے دیں ، "آپ کچھ نہیں کر سکتے۔" آپ کےخواب ہیں اور آپ نے ان کی حفاظت کرنی ہے اور آپ کے خوابوں کی زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے ۔
البرٹ آئن اسٹائن نے کہا: "میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ سے کہا کہ "یہ نہیں کیا جاسکتا۔ میں آج ان کی وجہ سے ہی یہ سب کر پایا ہوں "
اور آخری بات !انسان کو کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ انسان نما کرونوں سے بچنے کی بھی اشد ضرورت ھے کیونک اصل کی علامتیں تو ظاہر ھو جاتیں ہیں لیکن یہ چالاک کرونے کوئی نشان نہیں چھوڑتے ۔