Friday, July 24, 2020

اپنے آپ سے سچ بولیں...!

*آئیے آج اپنے آپ سے "سچ" بولیں...!*

*اپنی غلطیوں کو مان لینا آپکو مزید غلطیوں سے بچا لیتا ہے...!*

*آج اکیلے بیٹھیں، اپنے ہر عمل پر نظر ڈالیں، جو جو غلط کیا وہ تسلیم کرتے جائیں...!*

 *خُود سے کہیں "ہاں یہ مُجھ سے غلط ہُوا ہے" کوئی بہانہ نہیں، کسی پر الزام نہیں، خُود سے سچ بولنا ہے...!*

*اللّٰہ سے معافی مانگیں، جہاں غلطی ٹھیک کرنے کی گنجائش ہے، آگے بڑھیں اور ٹھیک کریں...!*

*آپ پُر سکون ہو جائیں گے...!*

*جبکہ اپنے آپ سے جُھوٹ بول کر آپ کبھی سکون حاصل نہیں کر پائیں گے...!*

*تو آئیے آج اپنے آپ سے "سچ" بولیں...!*

بـــــــس ہـــــــوسٹـــــــس

ماں نے ڈرتے ڈرتے عالیہ کی طرف دیکھا اور بولی
عالیہ یہ اتنا سارا پھل تو کہاں سے لائی ہے؟ ابھی تو تنخواہ ملنے میں بہت دن باقی ہیں !!
ماں کی آنکھوں میں کرب تھا دماغ میں جو ممکنہ سچ گھوم رہا ہے اسے سننے سے ڈر رہی تھی، حالانکہ اسے پتہ تھا عالیہ اس سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گی اسی لئے یہ سوال پوچھ کر وہ پچھتا رہی تھی۔
عالیہ بولی امی جی آپ پریشان نہ ہوں آپکو پتہ ہے میں نہ آپ کو رسوا کروں گی نہ شرمسار ہونے دونگی، 
آج جب ہم ٹرمینل پر واپس پہنچے اور میں مسافروں کو رخصت کر رہی تھی تو ایک صاحب نے بس سے اترتے ہوئے میرے ہاتھ میں ہزار روپے کا نوٹ تھما دیا اور بولے ... بیٹا  !!! یہ تمہاری عیدی ہے۔
امی جی میری آنکھیں بھیگ گئیں مجھے ابو بہت یاد آئے، مجھے یاد ہے ابو ہمارے لئے موسم کے پھل لایا کرتے تھے میں نے بھی فیصلہ کیا آج گھر پھل لے کر جاوں گی۔ 
امی پتہ ہے پھل خریدتے ہوئے میں کیا سوچ رہی تھی !! روزانہ کئی لوگ مجھے غلیظ نگاہوں سے دیکھتے ہوئے اور شیطانی مسکراہٹ کیساتھ فون نمبر کی پرچیاں اور وزٹنگ کارڈز دے کر جاتے ہیں، لیکن حیوانوں کے اس جنگل میں آج مجھے ایک انسان بھی مل ہی گیا ، امی مجھے گمان بھی نہ تھا کہ مجھے کوئی بیٹی سمجھ کر بھی مخاطب کرے گا۔

خیالات بدلیں معاشرہ بدلیں

Wednesday, July 22, 2020

اصلاح نفس کے چار طریقے

 1 ۔ مُشَارَطَه :
اپنے نفس کے ساتھ شرط لگانا کہ " گناہ " نہیں کروں گا " ہر صبح نفس کے ساتھ شرط لگائی جائے کہ آج دن بھر گناہ نہیں کروں گا "،

 *2 ۔ مُرَاقَبَه :
کہ آیا گناہ تو نہیں کیا؟ " دن بھر اپنی نگرانی کرتے رہیئے کہ گناہ نہ ہو جائے "،

 *3 ۔ مُحَاسَبَه :* کہ اپنا حساب کرے کہ کتنے گناہ کیئے اور کتنی نیکیاں کیں!

 رات سونے سے پہلے تنہائی میں دن بھر کا جائزہ لیا جائے کہ کیا کیا غلط ہوا اور کیا اچھا ہوا۔

 4 ۔ مُوَاخَذَه :  
کہ نفس نے دن میں جو نافرمانیاں کی ہیں اس کو سزا دینا اور وہ سزا یہ ہے کہ اس پر عبادت کا بوجھ ڈالے جو غلط ہوا اس پر شرمندگی کے ساتھ استغفار کر لے اور جو اچھا کیا اس پر خوب اللّٰه رب عزت کا شکر ادا کرے۔

وقت

جوا حرام ہے. کیونکہ یہ انسانی عقل کو کسی ایک بازی کے کسی ایک لمحے میں ایسا قید کر دیتا ہے کہ ہم باقی کچھ سوچنا نہیں چاہتے. ہمیں لگتا ہے یہ ایک بازی ہماری زندگی کا فیصلہ کرے گی. اور ہم سب کچھ داو پر لگا دیتے ہیں.

اس کے حرام ہونے کی سیکڑوں اور وجوہات بھی ہوں گی لیکن حرام چیزوں میں ہر چیز کی وجوہات میں ایک چیز کامن ہوتی ہے. یہ اشرف المخلوقات انسان کے شعور پر شیطانی پردہ ڈال دیتی ہے. ہم کسی ایک جگہ ٹریپ ہو جاتے ہیں. ہم اُمید چھوڑ دیتے ہیں.

پچھلے سال اس دن اس وقت کے اس لمحے میں آپ کس پریشانی میں ٹریپ تھے. یہ آج آپ کو یاد ہی نہیں ہوگا. لیکن اُس دن اُس وقت اٗس لمحہ آپ اسی پریشانی کو پہاڑ سمجھ رہے تھے. آج کی پریشانی بھی آپ کو اگلے سال اس دن بشرط زندگی یاد نہ ہوگی. 

اپنے کل کیلئے ہم آج کی پریشانیاں اور فکریں نہیں لے جاسکتے. لیکن آج کی تعمیر ضرور لے جا سکتے ہیں. چاہے وہ اسباب کی ہو خیالات کی ہو یا عادات کی. ہمیں زمانہ حال میں اسی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے. کل ہماری پریشانی خیالات اسی سے کم ہوگی.

وقت جو ہاتھ میں ہے یہ انسانی سرمایہ ہے. اسے کسی لمحے کی پریشانی میں زندگی کی آخری بازی نہ بنائیں.

احساس کی انتہا

ایک ریڑھی والے سے دال چاول کھانے کے بعد میں نے پوچھا ۔۔"بھائی !! خوشاب کو جانے والی بسیں کہاں کھڑی ہوتی ہیں؟"
تو انہوں نے سامنے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "سامنے اس ہوٹل کے پاس ۔"
میں جلدی جلدی وہاں پہنچا تو ہوٹل پہ چائے پینے والوں کا بہت رش تھا۔ہم نے بھی یہ سوچ کر چائے کا آرڈر دے دیا کہ چائے میں کوئی خاص بات ہو گی ۔چائے واقعی بڑی مزیدار تھی ۔جب ہم چائے کا بل دینے لگے تو یاد آیا کہ چاول والے کو تو پیسے دیے ہی نہیں ۔واپس دوڑتے ہوئے چاول والے کے پاس پہنچے اور انہیں بتایا کہ بھائی شاید آپ بھول گئے ہیں ،میں نے آپ سے چاول تو کھائے ہیں لیکن پیسے نہیں دیے؟"
تو چاول والا مسکراتے ہوئے کہنے لگا۔"بھائی جس کے بچوں کی روزی انہی چاولوں پہ لگی ہے ،وہ پیسے کیسے بھول سکتا ہے؟"
"تو پھر آپ نے پیسے مانگے کیوں نہیں؟"
میں نے حیران ہوتے ہوئے پوچھا۔۔
تو کہنے لگے"بھائی یہ سوچ کر نہیں مانگے کہ آپ مسافر ہیں، شاید آپ کے پاس پیسے نہ ہوں،اگر مانگ لیے تو کہیں آپ کو شرمساری نہ اٹھانا پڑے ""

Monday, July 20, 2020

زندگی کے سفر میں.....

آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ گند پر بیٹھا کتا 🐕 یا روڈ کنارے سویا ہوا کتا گاڑی 🚗 کے پیچھے کچھ فاصلے تک بھونکتا اور دوڑتا ہے 
نہ یہ کتا 🐕 آپ سے گاڑی چھین سکتا ہے نہ گاڑی میں بیٹھ سکتا ہے، اور نہ ہی یہ گاڑی چلا سکتا ہے، بس خامخواہ
بھوکنا اس کی عادت ہے 
ایسے ہی زندگی کے سفر میں جب آپ اپنی منزل کی طرف رواں دواں 🚶🏃 ہوتے ہو تو  کچھ اسی عادت کے لوگ بنا کسی مقصد آپ کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں  
اسی لیے جب آپ اپنی منزل پر رواں دواں ہوں اور لوگ آپ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کریں، تو ان سے الجھنے کی بجائے، اپنی منزل کی طرف رواں دواں رہیں ان شاء الله تعالیٰ کامیابیاں آپ کی منتظر رہیں گی۔ ۔ ۔

خوش رہیں خوشیاں بانٹیں

یہ واقعہ مصر میں پیش آیا:

"ایک چھوٹی سی 6 سالہ معصوم بچی سڑکوں پر ٹشو پیپرز بیچ رہی تھی، چہرے پر مسکراہٹ لئے یہ اِدھر سے اُدھر پھدکتی پھر رہی ہے، گاہکوں کو آتے دیکھ کر اپنی چھوٹی سی ٹوکری ان کے سامنے کرتی ہوئی کہتی: آپ کو ٹشو پیپرز چاہئیں؟

وہ ایک خاتون کے سامنے سے گزرتی ہے تو دیکھتی ہے کہ وہ رو رہی ہے، معصوم بچی اس کے پاس رک جاتی ہے، خاتون نے بھی اشک بار آنکھوں سے اس پیاری سی بچی کو دیکھا جو چہرے پر خوبصورت مسکراہٹ لیے اسے ٹشو پیپر کا پیکٹ پیش کر رہی تھی، اس نے انجانے میں ٹشو پیپر نکالا اور اپنی آنکھوں سے آنسو پونچھنے لگی۔ اس نے اپنے پرس سے ٹشو پیپرز کی قیمت نکالی اور بچی کو دینے کے لیے دیکھا تو وہ جا چکی تھی۔ وہ چھوٹی سی مسکراتی ہوئی بچی اسے بہت اچھی لگی۔ تھوڑی دور ایک خالی بنچ پڑا تھا، وہ خاتون وہاں جا کر بیٹھ گئی، کچھ سوچا اور پھر اپنے موبائل سے اپنے خاوند کو میسیج کیا:
"میں اپنے کیے پر نادم ہوں، جو کچھ ہوا، مجھے اس پر افسوس ہے، آپ جانے دیں، آپ کا موٴقف درست ہے۔"

اس کا خاوند ایک ہوٹل میں پریشان حال بیٹھا تھا کہ اسے بیوی کا یہ خوشگوار پیغام ملا، اس کے چہرے پر پرسکون مسکراہٹ چھا گئی۔ ان میاں بیوی کے مابین کسی بات پر جھگڑا ہوگیا تھا۔ اس خوشی میں اس نے ویٹر کو بلوایا اور بڑی خوشی سے اسے پچاس مصری پونڈ پکڑا کر کہا کہ یہ تمہارے ہیں، ویٹر کو اعتبار نہ آیا اور کہنے لگا: چائے کی قیمت تو صرف 5 پونڈ تھی؟! باقی تمہاری ٹپ ہے، وہ گویا ہوا…

اب ویٹر کے چہرے پر مسکراہٹ تھی، ویٹر کو اتنی بڑی رقم کا ملنا کوئی معمولی بات نہ تھی، اس نے ایک فیصلہ کیا اور اس بوڑھی فقیر عورت کے پاس جا پہنچا، جو فٹ پاتھ پر کپڑا بچھائے چاکلیٹ اور ٹافیاں بیچ رہی تھی، اس نے ایک پونڈ کی چاکلیٹ خریدی اور اسے مسکراتے ہوئے دس پونڈ پکڑا دےئے۔ باقی پونڈ تمہارے لیے، اس نے کہا اور اپنے کام پر واپس چل دیا۔

بوڑھی خاتون بار بار اس 10 پونڈ کے نوٹ کی طرف دیکھ رہی تھی، جو اسے بغیر کسی محنت اور صلے کے مل گئے تھے۔ اس کے چہرے پر بے حد مسکراہٹ تھی۔ اس کا دل مارے خوشی کے بلیوں اچھل رہا تھا، اس نے زمین پر بچھائے ہوئے اپنے سامان کو سمیٹا اور سیدھی قصاب کی دکان پر جا پہنچی، اسے اور اس کی پوتی کو گوشت کھائے کتنی مدت گزر چکی تھی۔ ان کا گوشت کھانے کو جی چاہتا تھا، مگر ان کے وسائل اجازت نہیں دیتے تھے، آج ان کی خواہش پوری ہو رہی تھی۔
اس نے مسکراتے ہوئے گوشت خریدا اور گھر چل دی۔ بوڑھی اماں نے بڑی محنت اور شوق سے گوشت پکایا اور ننھی سی پیاری سی پوتی کا انتظار کرنے لگی کہ وہی تو اس کی کل کائنات تھی، آج وہ گوشت کھا کر کتنی خوش ہوگی؟ 
وہ سوچوں میں گم تھی کہ ٹشو پیپرز بیچنے والی اس کی پوتی مسکراتی ہوئی گھر میں داخل ہوئی، آج اس کے چہرے پر عام دنوں سے زیادہ مسکراہٹ تھی۔

اے عاشقان رسول!
 کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم بھی اس ٹشو پیپر بیچنے والی بچی کی طرح مسکراہٹیں تقسیم کریں، لوگوں میں خوشیاں بانٹیں،
حدیث پاک کا مفہوم ھے کہ تمہارا اپنے بھائی کے ساتھ مسکراتے ہوئے چہرے سے پیش آنا بھی صدقہ ہے۔
خوش رہیں خوشیاں بانٹیں

Sunday, July 19, 2020

ذاتی منافقت

رات کو میں موبائل چارجنگ لگا کر سوگیا۔

صبح اٹھا تو  بیٹری لو ہونے کی وجہ سے موبائل بند ہوچکا تھا۔ بہت  زیادہ غصہ آیا کہ موبائل کو کس نے ہلایا تھا۔
۔
ابھی میں زور سے چلا کر پورے گھر کو سر پر اٹھانے ہی والا تھا کہ میری نظر سامنے لگے سوئچ بورڈ پر پڑی اور یہ دیکھ کر میں نے اپنی آواز  حلق میں ایسے ہی دبا لی جیسے کسی نے غریب کے پیسے دبا لئے ہوں. کیونکہ میں نے موبائل تو چارجنگ لگا دیا البتہ سوئچ کا بٹن دبانا بھول گیا. 
اپنی اس غلطی کو میں نے گردے پھپھڑوں پر نا لاتے ہوئے نظر انداز کرکے موبائل کو دوبارہ چارجنگ لگا دیا البتہ اس دن میں نے ایک سبق سیکھا کہ
۔
۔
یہی ہماری منافقت ہے کہ اگر کسی اور سے کوئی غلطی سرزد ہوجائے تو ہم اس پر سیخ پا کباب ہوجاتے ہیں 

البتہ 

وہی غلطی ہم سے ہوجائے تو ہم بالکل برعکس رویے کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ
۔
"کوئی نہیں قسمت میں ایسا ہی ہونا لکھا تھا"۔۔

تین نصیحتیں....

️ایک شخص نے چڑیا پکڑنے کیلئے جال بچھایا،اتفاق سے ایک چڑیا اس میں پھنس گئی اور شکاری نے اسے پکڑ لیا،چڑیا نے اس سے کہا ''اے انسان! تم نے کئی ہرن، بکرے اور مرغ وغیرہ کھائے ہیں،ان چیزوں کے مقابلے میں میری کیا حیثیت ہے ،ذرا سا گوشت میرے جسم میں ہے اس سے تمہارا کیا بنے گا؟ تمہارا تو پیٹ بھی نہیں بھرے گا لیکن اگر تم مجھے آزاد کردو تو میں تمہیں تین نصیحتیں کرونگی جن پر عمل کرنا تمہارے لئے بہت مفید ہوگا،ان میں سے ایک نصیحت تو میں ابھی کروں جب تم مجھے چھوڑ دو گے اور میں دیوار پر جا بیٹھوں گی،اس کے بعد تیسری اور آخری نصیحت اس وقت کروں گی جب دیوار سے اڑکرسامنے درخت کی شاخ پر جا بیٹھونگی،اس شخص کے دل میں تجسس پیدا ہوا کہ نہ جانے چڑیا کیا فائدہ مند نصیحتیں کرے۔۔۔
اس نے چڑیا کی بات مانتے ہوئے اس سے پوچھا، تم مجھے پہلی نصیحت کرو، پھر میں تمہیں چھوڑ دونگاچنانچہ چڑیا نے کہا،میری پہلی نصیحت یہ ہے کہ جو بات کبھی نہیں ہو سکتی اسکا یقین مت کرنا،یہ سن کر اس آدمی نے چڑیا کو چھوڑ دیا اور وہ سامنے دیوار پر جا بیٹھی، پھر بو لی، میری دوسری نصیحت یہ ہے کہ جو بات ہو جائے اس کا غم مت کرنااور پھر کہنے لگی،اے بھلے مانس! تم نے مجھے چھوڑ کر بہت بڑی غلطی کی کیونکہ میرے پیٹ میں پاؤ بھر کا انتہائی نایاب پتھر ہے اگر تم مجھے ذبح کرتے اور میرے پیٹ سے اس موتی کو نکال لیتے تو اس کے فروخت کرنے سے تمہیں اس قدردولت حاصل ہوتی کہ تمہاری آنے والی کئی نسلوں کے لئے کافی ہوتی اور تم بہت بڑے رئیس ہو جاتے۔۔۔

اس شخص نے جو یہ بات سنی تو لگا افسوس کرنے اور پچھتایا کہ اس چڑیا کو چھوڑ کراپنی زندگی کی بہت بڑی غلطی کی اگر اسے نہ چھوڑتا تو میری نسلیں سنور جاتیں،چڑیا نے اسے اس طرح سوچ میں پڑے دیکھا تو اڑ کر درخت کی شاخ پرجا بیٹھی اور بولی،اے بھلے مانس! ابھی میں نے تمہیں پہلی نصیحت کی جسے تم بھول گئے کہ جو بات نہ ہوسکنے والی ھو اسکا ھر گز یقین نہ کرنا لیکن تم نے میری اس بات کا اعتبار کرلیا کہ میں چھٹاک بھر وزن رکھنے والی چڑیا اپنے پیٹ میں پاؤ وزن کا موتی رکھتی ہوں، کیا یہ ممکن ہے؟۔۔۔
میں نے تمہیں دوسری نصیحت یہ کی تھی کہ جو بات ہو جائے اسکا غم نہ کرنا مگر تم نے دوسری نصیحت کا بھی کوئی اثر نہ لیا اور غم و افسوس میں مبتلا ہو گئے کہ خواہ مخواہ مجھے جانے دیا،تمہیں کوئی بھی نصیحت کرنا بالکل بیکار ہے، تم نے میری پہلی دو نصیحتوں پر کب عمل کیا جو تیسری پر کرو گے، تم نصیحت کے قابل نہیں،یہ کہتے ہوئے چڑیا پھر سے اڑی اورہوا میں پرواز کر گئی، وہ شخص وہیں کھڑا چڑیا کی باتوں پر غور و فکر کرتے ہوئے سوچوں میں کھو گیا۔۔۔
وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں کوئی نصیحت کرنے والا ہو،ہم اکثر خود کو عقلِ کل سمجھتے ہوئے اپنے مخلص ساتھیوں اور بزرگوں کی نصیحتوں پر کان نہیں دھرتے اور اس میں نقصان ہمارا ہی ہوتا ہے،یہ نصیحتیں صرف کہنے کی باتیں نہیں ہوتیں کہ کسی نے کہہ لیا، ہم نے سن لیابلکہ دانائی اور دوسروں کے تجربات سے حاصل ہونے والے انمول اثاثے ہیں جو یقیناًہمارے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکتے ہیں اگر ہم ان نصیحتوں پر عمل بھی کریں۔۔۔

Saturday, July 11, 2020

مادہ پرستی کی بجائے شخصیت....!

نمرود جب تک طاقت کے نشے میں تھا سب کو کہتا مجھے سجدہ کرو اور جب دماغ میں مچھر گھسا تو کہتا تھا مجھے ایک جوتا مارو ۔۔۔۔
                 زندگی میں بھت ساری چیزیں وقتی ھوتی ھیں آج جو کچھ ہمارے پاس ھے یہ کل کسی اور کا تھا اور آنے والے وقت میں کسی اور کا ھو گا ،اگر کوئی چیز باقی رھنے والی ھے تو صرف انسان کا کردار ھے اس لیے مادہ پرستی کے بجائے شخصیت کی تعمیر پہ توجہ دیں، کسی بھی غلط فہمی میں اتنا آگے نہ جائیں کہ جہاں سے واپسی مشکل ھو جائے ۔۔۔