ایک رات کا ذکر ہے ، دکاندار دکان بند کرنے ہی والا تھاکہ
ایک کتا دکان میں گھس آیا۔
اس کے منہ میں ایک تھیلا دبا ہوا تھا۔ اس نے وہ تھیلا دکاندار کی جانب بڑھایا۔ دکاندار سمجھ گیا کہ وہ اسے کیا سمجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دکاندار نے تھیلا کھولا تو تھیلے میں خریدی جانی والی اشیاء کی فہرست اور رقم موجود تھی۔ دکاندار نے پیسے لیے اور مطلوبہ سامان تھیلے میں رکھ دیا۔
کتے نےفوراً سامان کا تھیلا اٹھایا اور چلا گیا۔ دکاندار کتے کے افعال سے بہت حیران ہوا اور یہ جاننے کے لیے کہ اس کا مالک کون ہے اس نے کتے کا پیچھا کرنے کی ٹھانی ۔
کتا بس اسٹاپ پر پہنچا اور بس کی آمد کا انتظار کر نے لگا۔ کچھ دیر بعد ایک بس آئی اور کتا بس میں چڑھ گیا۔ جیسے ہی کنڈکٹر نزدیک آیا، وہ اپنی گردن کا پٹہ دکھانے کے لیے آگے بڑھا جس میں کرایہ اور پتا دونوں ہی موجود تھے ۔ کنڈکٹر نے پیسے لیے اور ٹکٹ دوبارہ گلے میں بندھے پٹے میں ڈال دیا۔
جب وہ منزل پر پہنچا تو کتا سامنے کے دروازے کی طرف گیا اور اپنی دم ہلا کر اشارہ کیا کہ وہ نیچے اترنا چاہتا ہے۔ بس جیسے ہی رکی، وہ نیچے اتر گیا۔ دکاندار ابھی تک اس کا پیچھا کر رہا تھا۔
کتے نے ٹانگوں سے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ اس کا مالک باہر نکلا اور اسے لاٹھی سے بری طرح مارنے لگا۔
حیران و پریشاں ہو کر دکاندار نے اس سے پوچھا کہ "تم کتے کو کیوں مار رہے ہو؟"
جس پر مالک نے جواب دیا، "اس نے میری نیند میں خلل ڈالا، یہ چابیاں اپنے ساتھ بھی تو لے جا سکتا تھا !"
یہی زندگی کی سچائی ہے۔ لوگوں کی آپ سے توقعات کی کوئی انتہا نہیں ہے۔ جس لمحے آپ غلط ہوتے ہیں، وہ آپ کی غلطیاں گنوانے لگتے ہیں۔ ماضی میں کیے گئے تمام اچھے کام بھول جاتے ہیں۔اک ذرا سی غلطی پھر بڑھ کر رائی سے پہاڑ بن جاتی ہے۔
یہی اس مادی دنیا کی فطرت ہے.!
No comments:
Post a Comment