Sunday, August 2, 2020
آزمائش
Saturday, August 1, 2020
سب سے بڑی قربانی......
بیویاں اپنے شوھروں کی .....
بہترین گمان
صحت ایک اعلیٰ نعمت
Thursday, July 30, 2020
مجلس نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم
Wednesday, July 29, 2020
عزت اور غیرت کا قتل
سچی محبت نہ جسمانی ہوتی ہے نہ رومانی
Monday, July 27, 2020
35 منٹ کی فلائیٹ
میں کھڑکی کے ساتھ بیٹھا تھا اور میرا دوست پہلی نشست پر تھا' درمیان کی سیٹ خالی تھی' میں نے ائیر ہوسٹس سے پوچھا ''کیا ہم دونوں اکٹھے بیٹھ سکتے ہیں'' فضائی میزبان نے مسکرا کر جواب دیا ''سر یہ سیٹ بک ہے' آپ ٹیک آف کے بعد مسافر سے سیٹ ایڈجسٹ کر لیجیے گا'' ہم مسافر کا انتظار کرنے لگے' جہاز کے دروازے بند ہونے سے چند لمحے قبل وہ مسافر آگیا۔
وہ ایک لحیم شحیم بزرگ تھا' وہ شکل سے بیمار بھی دکھائی دے رہا تھا' میں نے اسے پیشکش کی آپ کھڑکی والی سیٹ لے لیں' ہم دوست اکٹھے بیٹھنا چاہتے ہیں مگر اس نے سر ہلا کر میری پیشکش مسترد کر دی اور وہ دھپ کر کے درمیان میں بیٹھ گیا' وہ دونوں سائیڈز سے باہر نکل رہا تھا' میں اس کی وجہ سے جہاز کی دیوار کے ساتھ پریس ہو گیاجب کہ میرا دوست سیٹ سے آدھا باہر لٹک گیا' موٹے آدمی کے جسم سے ناگوار بو بھی آ رہی تھی' وہ پورا منہ کھول کر سانس لے رہا تھا اور سانس کی آمدورفت سے ماحول میں بو پھیل رہی تھی' ہماری گفتگو بند ہو گئی۔
میں نے جیب سے تسبیح نکالی اور ورد کرنے لگا جب کہ میرا دوست موبائل فون کھول کر بیٹھ گیا' وہ میری زندگی کی مشکل ترین فلائیٹ تھی' میں نے وہ سفراذیت میں گزارا' ہم جب لاہور اترے تو میں نے اپنی ہڈیاں پسلیاں گنیں اور اطمینان کا سانس لیا' ہم ائیر پورٹ سے باہر آ گئے' میں نے اپنے دوست سے پوچھا ''سفر کیسا تھا'' وہ ہنس کر بولا ''زبردست' میں نے موبائل فون پر کتابیں ڈاؤن لوڈ کر رکھی ہیں' میں سفر کے دوران کتاب پڑھتا رہا'' میں نے پوچھا'' کیا تم موٹے آدمی کی وجہ سے ڈسٹرب نہیں ہوئے'' وہ ہنس کر بولا ''شروع کے دو منٹ ہوا تھا لیکن پھر میں نے ایڈجسٹ کر لیا۔
میں نے اپنی کہنی اور پسلیاں اس کے پیٹ میں پھنسائیں اور چپ چاپ کتاب پڑھتا رہا'' میں نے پوچھا ''اور کیا تم اس کی بدبو سے بھی بیزار نہیں ہوئے'' وہ ہنس کر بولا ''شروع میں ہوا تھا لیکن میں جب کتاب میں گم ہو گیا تو بوآنا بند ہو گئی'' میں نے حیرت سے اس کی طرف دیکھا اور پھر کہا ''لیکن میں پورے سفر کے دوران تنگ ہوتا رہا' میری سانس تک الجھتی رہی' میں اللہ سے دعا کرتا رہا یا اللہ یہ سفر کب ختم ہوگا'' وہ ہنسا اور بولا ''میں بھی ایسی صورتحال میں پریشان ہوا کرتا تھا لیکن پھر میں نے اپنی پریشانی کا حل تلاش کر لیا' میں اب ایڈجسٹ کر لیتا ہوں'' میں رک گیا اور اسے غور سے دیکھنے لگا۔
وہ بولا ''ہم اس موٹے کے صرف 35 منٹ کے ساتھی تھے' وہ آیا' بیٹھا' جہاز اڑا' جہاز اترا اور ہم الگ الگ ہو گئے' وہ کون تھا' وہ کہاں سے آیا تھا اور وہ کہاں چلا گیا' ہم نہیں جانتے' تم اگر ان 35 منٹوں کو ایڈجسٹ کر لیتے تو تم تکلیف میں نہ آتے'' وہ رکا' لمبی سانس لی اور بولا ''ہماری ہر تکلیف کا ایک ایکسپائری ٹائم ہوتا ہے۔
ہم اگر اس ٹائم کا اندازہ کر لیں تو پھر ہماری تکلیف کم ہو جاتی ہے مثلاً وہ موٹا جب ہمارے درمیان بیٹھا تو میں نے فوراً ٹائم کیلکولیٹ کیا 'مجھے اندازہ ہوا یہ صرف 35 منٹ کی تکلیف ہے چنانچہ میں نے موٹے کے موٹاپے پر توجہ کے بجائے کتاب پڑھنا شروع کر دی' میری تکلیف چند منٹوں میں ختم ہو گئی' تم بھی تکلیف کے دورانئے کا اندازہ کر لیا کرو' تمہاری مشکل بھی آسان ہو جائے گی''۔
میں نے اس سے پوچھا ''تم نے یہ آرٹ کس سے سیکھا تھا'' وہ ہنس کر بولا ''میں نے یہ فن اپنے والد سے سیکھا تھا' میرے بچپن میں ہمارے ہمسائے میں ایک پھڈے باز شخص آ گیاتھا' ہم لوگ گلی میں کرکٹ کھیلتے تھے اور وہ ہماری وکٹیں اکھاڑ دیتا تھا' ہمارے گیند چھین لیتا تھا' وہ گلی میں نکل کر ہمارا کھیل بھی بند کرا دیتا تھا' میں بہت دل گرفتہ ہوتا تھا' میں نے ایک دن اپنے والد سے اس کی شکایت کی' میرے والد نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور فرمایا' بیٹا یہ شخص کرائے دار ہے' یہ آیا ہے اور یہ چلا جائے گا۔
ہمیں اس سے لڑنے اور الجھنے کے بجائے اس کے جانے کا انتظار کرنا چاہیے' میں نے والد سے پوچھا' کیا میں احتجاج بھی نہ کروں' وہ بولے ہاں تم ضرور کرو لیکن اس کا تمہیں نقصان ہوگا'یہ شخص تو اپنے وقت پر جائے گالیکن تم احتجاج کی وجہ سے بدمزاج ہو چکے ہو گے' تم اس کے بعد لائف کو انجوائے نہیں کر سکو گے چنانچہ میرا مشورہ ہے تم اپنی لائف پر فوکس کرو' تم اپنی خوشیوں پر دھیان دو' یہ اور اس جیسے لوگ آتے اور جاتے رہیں گے' یہ آج ہیں اور کل نہیں ہوں گے' تمہیں اپنا مزاج خراب کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ میں بچہ تھا میں نے اپنے والد کی بات سے اتفاق نہ کیا لیکن ہمارا ہمسایہ واقعی دو ماہ بعد چلا گیا اور یوں ہم پرانی اسپرٹ کے ساتھ گلی میں کھیلنے لگے۔
ہم دو ہفتوں میں اس چڑچڑے کھوسٹ کو بھول بھی گئے۔ میرے والد مجھے بچپن میں اپنے چچا کی بات بھی سنایا کرتے تھے' ہمارے دادا فوت ہوئے تو میرے والد کو وراثت میں ایک مکان ملا' مکان پر میرے والد کے چچا نے قبضہ کر لیا' میرے والد نے چچا کے ساتھ لڑنے کے بجائے ملکیت کا مقدمہ کیا اور وہ آہستہ آہستہ مقدمہ لڑتے رہے' پانچ سال بعد میرے والد کے حق میں فیصلہ ہو گیا لیکن چچا نے مکان خالی نہ کیا' میرے والد نے قبضے کے حصول کے لیے درخواست دی اور وہ آہستہ آہستہ اس درخواست کا پیچھا کرتے رہے۔
اگلے دو برسوں میں والد کے چچا کا انتقال ہو گیا' والد کو مکان مل گیا' میرے والد کا کہنا تھا' چچا نے جب ہمارے مکان پر قبضہ کیا تو مجھے بہت غصہ آیا لیکن پھر میں نے سوچا' میں اگر ان کے ساتھ لڑتا ہوں تو میں زخمی ہو جاؤں گااور یوں یہ مکان پیچھے چلا جائے گا اور دشمنی آگے آ جائے گی' ہم تھانوں اور کچہریوں میں بھی جائیں گے' ہمارا وقت اور پیسہ بھی برباد ہو گا اور ہمیں مکان بھی نہیں ملے گا' چچا بوڑھے شخص ہیں۔
یہ کتنی دیر زندہ رہ لیں گے چنانچہ میں نے مقدمہ کیا اور آہستہ آہستہ مقدمہ چلاتا رہا یہاں تک کہ چچا طبعی زندگی گزار کرفوت ہو گئے' مجھے اپنا مکان بھی مل گیا اور میرے صبر کا صلہ بھی۔ میرے چچا نے جب مکان پر قبضہ کیا تھا تو وہ فقط ایک مکان تھا' آٹھ برسوں میں ہماری گلی کمرشلائزڈ ہو گئی' مکان کی قیمت میں بیس گنا اضافہ ہو گیا یوں مجھے مکان بھی مل گیا اور مالیت میں بھی بیس گنا اضافہ ہو گیا۔
میں اس دوران اطمینان سے اپنے دفتر بھی جاتا رہا' میں نے اپنے بچے بھی پال لیے اور میں زندگی کی خوشیوں سے بھی لطف اندوز ہوتا رہا' میرے والد مجھے یہ واقعہ سنانے کے بعد اکثر کہا کرتے تھے آپ جب بھی تکلیف میں آئیں آپ اس تکلیف کا دورانیہ کیلکولیٹ کریں اور اپنی توجہ کسی تعمیری کام پر لگا دیں' آپ کو وہ تکلیف تکلیف نہیں لگے گی' میں نے اپنے والد کی بات پلے باندھ لی چنانچہ میں تکلیف کا دورانیہ نکالتا ہوں اور اپنی توجہ کسی تعمیری کام پر مبذول کر لیتا ہوں'' وہ خاموش ہو گیا۔
یہ نکتہ میرے لیے نیا بھی تھا اور انوکھا بھی' میں نے اس سے پوچھا ''کیا یہ تمہاری روٹین ہے'' وہ قہقہہ لگا کر بولا ''ہاں مجھے جب بھی کوئی تکلیف دیتا ہے میں دل ہی دل میں کہتا ہوں یہ آج کا ایشو ہے' یہ کل نہیں ہوگا' میں اس کی وجہ سے اپنا آج اور کل کیوں برباد کروں اور میری تکلیف ختم ہو جاتی ہے'' میں نے پوچھا ''مثلاً'' وہ بولا ''مثلاً وہ موٹا شخص صرف 35 منٹ کی تکلیف تھا۔
ہم نے صرف 35 منٹ گزارنے تھے اور اس تکلیف نے ہماری زندگی سے نکل جانا تھا' مثلاً کوئی شخص میرے ساتھ دھوکہ کرتا ہے' میں اس شخص اور دھوکے دونوں پر قہقہہ لگاتا ہوں اور آگے چل پڑتا ہوں' یقین کرو وہ دھوکہ اور وہ شخص دونوں چند دن بعد میرے لیے بھولی ہوئی داستان بن چکے ہوتے ہیں' مجھے کیریئر میں بے شمار مشکل باس اور خوفناک کولیگز ملے' میں ہر مشکل باس کو دیکھ کر کہتا تھا' یہ آیا ہے اور یہ چلا جائے گا' مجھے اپنی زندگی برباد کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
میں خوفناک کولیگ پر بھی ہمیشہ سوچتا رہا' یہ مختصر سفر کا مختصر ترین مسافر ہے' یہ اپنی منزل پر اترجائے گا یا پھر میں اپنے اسٹاپ پرچلا جاؤں گا'مجھے اس سے لڑنے کی کیا ضرورت ہے' آپ یقین کرو میرے مشکل باس بھی چلے گئے اور خوفناک کولیگز بھی اور یوں میرا سفر جاری رہا' میری زندگی مزے سے گزری اور مزے سے گزر رہی ہے'' وہ رکا' ہنسا اور بولا ''آپ بھی یہ حقیقت پلے باندھ لو' زندگی 35 منٹ کی فلائیٹ ہے' آپ ساتھی مسافر کی وجہ سے اپنا سفر خراب نہ کرو' آپ تکلیف کا دورانیہ دیکھو اور اپنی توجہ کسی دوسری جانب مبذول کر لو' آپ کی زندگی بھی اچھی گزرے گی''۔
میں نے ہاں میں سر ہلایا' وہ اپنی گاڑی میں بیٹھ گیا اور میں اپنے دفتر چلا گیا لیکن وہ دن ہے اور آج کا دن ہے میں جب بھی کسی مسئلے' کسی تکلیف کا شکار ہوتا ہوں' میں دل ہی دل میں دوہراتا ہوں یہ 35 منٹ کی فلائیٹ ہے' یہ ختم ہو جائے گی اور میں جلد اس تکلیف کو بھول جاؤں گا 'مجھے کل یہ یاد بھی نہیں رہے گامیں کبھی ایک ایسے مسافر کے ساتھ بیٹھا تھا جس کی وجہ سے میرا سانس بند ہو گیا تھا اور جس نے مجھے پوسٹر کی طرح دیوار کے ساتھ چپکا دیا تھا۔
زندگی کا سفر انتہائی مختصر ہے' ہم اگر اس مختصر سفر کو شکایت دفتر بنالیں گے تو یہ مختصر سفر مشکل ہو جائے گا' ہم اپنی منزل سے ہزاروں میل پیچھے اترجائیں گے چنانچہ جانے دیں' تکلیف دینے والوں کو بھی اور اپنے آپ کو بھی' صرف سفر پر توجہ دیں اور یقین کریں ہماری مشکل' ہماری تکلیف ختم ہو جائے گی۔