Wednesday, March 17, 2021

حضرت نوح علیہ السلام اور ابلیس لعین

روایت ہے کہ جب حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی کوہ جودی پر جا کر رکی تو تو ابلیس نے پانی پر بیٹھ کر حضرت نوح علیہ السلام سے کہا، اے نوح (علیہ السلام) تو نے بد دعا کر کے دنیا کو پانی میں غرق کر دیا۔ اب میرے لئے کیا حکم ہے؟ حضرت نوح علیہ السلام جواب دیا، اب تمہارا کام یہ ہے کہ خدا سے توبہ کرو اور خدا کے فرمانبردار بندے بن جاؤ ۔ ابلیس نے کہا کیا میری توبہ قبول ہو جائے گی؟ اگر قبول ہونے کی امید ہے تو آپ میرے حق میں سفارش فرما دیجیئے ۔ 

حضرت نوح علیہ السلام نے مناجات میں حق تعالٰی سے عرض کیا کہ ابلیس توبہ کی درخواست کرہا ہے، کیا حکم ہے ۔ حکم ہوا شیطان سے کہہ دو کہ اگر وہ آدم (علیہ السلام) کی قبر کو سجدہ کر لے تو توبہ قبول کر لی جائے گی ۔ حضرت نوح علیہ السلام نے خدا کا حکم ابلیس کو سنایا تو ابلیس نے جواب دیا، کہ میں نے زندہ آدم کو تو سجدہ نہیں کیا تھا، اب مرنے کے بعد ان کو کب سجدہ کرنے والا ہوں ۔ ابلیس نے کہا، چونکہ آپ نے خدا کی جانب میری سفارش کی تھی اس لئے شکریہ کے طور پر آپ سے تین باتیں عرض کرتا ہوں۔ 

١۔ جس وقت غصہ آئے مجھے یاد کر لیا کرو، غصہ کے وقت میں انسان کا چہرہ ، منہ ، ناک بن جاتا ہوں اور خون کی طرح رگ رگ میں دوڑتا پھرتا ہوں ۔ 

٢۔ لڑائی کے وقت بھی مجھے یاد کر لیا کرو ۔ اس موقع پر میں لوگوں کے دلوں میں بیوی بچے کا خیال ڈال دیتا ہوں ۔ 

۳۔ کسی نامحرم عورت کے ساتھ کبھی تخلیہ میں نہ بیٹھنا ۔ میں ایسے وقت نہ معلوم کیا کر گزرتا ہوں ۔ 

ایک روایت میں ہے کہ ابلیس نے حضرت نوح علیہ السلام سے کہا تھا، کہ حسد ، حرص نہ کرنا ۔ حسد کی وجہ سے میں اور حرص کی وجہ سے آدم علیہ السلام  جنت سے نکال دیئے گئے ۔ 

وہب بن منبہ کہتے ہیں کہ طوفان کے بعد جب حضرت نوح علیہ السلام کی قوم زمین پر آباد ہو گئی، تو ابلیس لعین نے حضرت نوح علیہ اسلام کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا ، آپ نے مجھ پر احسان عظیم فرمایا ہے، آپ کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ اس احسان کے بدلے میں آپ جو بات مجھ  سے دریافت فرمائیں گے، اس کا صحیح صحیح جواب دوں گا ۔ 

حضرت نوح علیہ السلام نے شیطان کی بات سن کر منہ پھیر لیا ۔ وحی آئی کہ اگر تمہیں کچھ پوچھنا ہو، ابلیس سے پوچھ لو، وہ تمہیں صحیح صحیح جواب دے گا ۔ نوح علیہ السلام نے ابلیس لعین سے پوچھا، یہ بتا دنیا میں تیرا یار و مدد گار کون ہے؟ ابلیس نے جواب دیا، میرے یار و مدد گار وہ لوگ ہیں جو بخل اور تکبر کرتے ہیں، اور ہر کام میں عجلت کے عادی ہیں ۔ 

حضرت نوح علیہ السلام نے فرمایا، تُو میرا کس بات پر شکریہ ادا کرنے آیا تھا، میں نے تجھ پر کیا احسان کیا ہے؟ تو شیطان نے جواب دیا، کہ آپ نے بد دعا کر کے ساری قوم غرق کرا دی۔ مجھے ان کی گمراہی کے فکر سے نجات مل گئی ۔ حضرت نوح علیہ السلام یہ سن کر بہت پشیمان ہوئے اور عجلت پسندی سے چار برس تک بارگاہِ الہٰی میں گریہ و زاری کرتے رہے۔۔۔۔

No comments:

Post a Comment