Friday, February 5, 2021

رشتے یوں بنائیں

ریلیشن بناتے وقت سوچ و بچار نہیں کی جاتی ، جذباتی ہو کر دو لوگ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور بعض اوقات صرف ایک وقتی کشش کی بدولت زندگی بھر ساتھ چلنے کا خواب دیکھ لیتے ہیں ۔ جب بات زندگی بھر کی ہو تو فیصلہ بھی سوچ سمجھ کر اور تمام پہلو کو مد نظر رکھنے کے بعد کرنا چاہئے ۔
میں نے بہت سی جگہوں پر دیکھا ہے کہ بہت سے تعلق جلد اپنی موت آپ مر جاتے ہیں ۔ایک ایسا تعلق جس میں دو لوگ ایک دوسرے کو تو اون کرتے ہیں مگر ایک دوسرے سے جڑے رشتوں کو دل سے قبول نہیں کرتے ۔ جب وقتی کشش ختم ہوتی ہے تو پھر مسائل کا سمندر جنم لیتا ہے ۔

یاد رکھئے کہ جب کوئی آپ کو قبول کرتا ہے تو آپ سے جڑے رشتوں کو قبول کرنا بھی لازم ہوتا ہے ۔ بہت مرتبہ دیکھا کہ لوگ کہتے ہیں " میرا تعلق صرف تم سے ہے اور میں تمہارے کسی اور رشتے یا فیملی ممبر کو تسلیم کرنا ضروری نہیں سمجھتا ، صرف ایک مجبوری کے تحت نبھا رہا ہوں " ۔
یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کیونکہ میری نظر میں جب ہم کسی شخص کو قبول کرتے ہیں یا کسی سے محبت کرتے ہیں تو ہمارے دل میں اس شخص سے جڑے ہر رشتے کی محبت اور احترام موجود ہوتا ہے ۔ ایسا ممکن نہیں کہ ایک شخص سے محبت ہو لیکن اس سے جڑے ہر رشتے سے نفرت ہو ۔ ہاں البتہ ایک آدھ شخص سے کوئی چڑ ہونے کی کچھ خاص وجوہات ضرور ہو سکتی ہیں ۔۔۔

جسے مجھ سے محبت ہوگی اسے مجھے سے جڑے رشتے بھی اچھے لگیں گے ، مجھے جس سے محبت ہوگی اس سے جڑے رشتوں کا بھی میرے دل میں احترام ہوگا ۔ جب دو لوگ ایک دوسرے کو قبول کرتے ہیں تو ساتھ جڑے رشتوں کی قدر اور احترام خود ہی پیدا ہو جاتا ہے ۔۔۔۔
ایک مرد کی حیثیت سے اگر میں اپنی ہونے والی شریک حیات کے رشتوں کی قدر نہ کروں ، اس کے بڑوں کا احترام نہ کروں تو میں کبھی بھی خود کو ایک اچھا مرد تسلیم نہیں کروں گا ۔ یہاں بات شریک حیات کی نہیں بلکہ تربیت کی ہے ۔ اچھی تربیت ہمیشہ بڑوں کا احترام کرنے کا سبق دیتی ہے پھر وہ بڑے میرے اپنے ہوں یا کسی اور کے ۔ میرے دادا ابو کہتے تھے کہ پہلے رشتہ کرتے وقت یہ بات لازم دیکھی جاتی تھی کہ لڑکا بڑوں کا احترام کرتا ہے یا نہیں ؟ ۔

آپ جب بھی کسی شخص کا انتخاب کریں تو اس بات کا دھیان ضرور رکھ لیا کریں کہ وہ آپ سے جڑے رشتوں کی قدر کرتا/ کرتی ہے یا نہیں ؟ وہ آپ سے جڑے رشتوں سے محبت کرتا/کرتی ہے یا نہیں ؟ وہ رشتوں کو جوڑنے کی بات کرتا/ کرتی ہے یا صرف توڑنے کی ؟ جو صرف توڑنے کی بات کرے وہ اپنے رشتے بھی کبھی جوڑ کر نہیں رکھ سکتا ۔۔۔۔۔۔ ۔۔
ایک مرد میں دیکھ لیا کریں کہ وہ باقی خواتین کی کتنی عزت کرتا ہے ؟ جو ہر خاتون کی عزت کرتا ہوگا وہ آپ کو بھی ساری زندگی عزت دے گا کیونکہ اس کا مطلب ہوا کہ خواتین کی عزت اس کی تربیت اور اس کے خون میں شامل ہے ۔ جو کہتا ہے کہ میں صرف تمہاری عزت کرتا ہوں ، دوسری خواتین کی آپ کے سامنے برائی کرے ان کے کردار پر انگلی اٹھائے تو یاد رکھئے گا کہ ایسا مرد آپ کے کردار پر انگلی اٹھاتے ایک لمحہ بھی دیر نہیں کرے گا ۔۔۔

عورت کی خصلت کو پہچان لیا کریں کہ وہ کب آپ سے الگ ہونے کی بات کرتی ہے ۔ الگ ہونا ایک عورت کا حق ہے مگر ساتھ رہنے اور رشتوں کو جوڑ کر رکھنے والی خاتون اعلی ظرف اور تربیت کی حامل ہوتی ہے ۔ بڑوں کا احترام اور ایک دستر خوان پر گھر کے تمام افراد کو دیکھ کر خوش ہوتی ہے ۔۔ وہ اپنی ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ اس کے بچوں کو دادا دادی اور باقی تمام رشتوں کا پیار اور محبت ملے البتہ مسلسل کوشش کے بعد بھی اگر اسے کامیابی نہیں ملتی اور قربانی دینے کے باوجود بھی اسے رسوا کیا جائے ، بات بات پر اس کو بے عزت کیا جائے تو پھر الگ ہو جانے میں اس عورت کا نہیں بلکہ ان رشتوں کا قصور ہوتا ہے جو اس کی محبت اور خلوص کی قدر نہیں کرتے ۔۔۔

No comments:

Post a Comment